نوبل ایوارڈ یافتہ معروف طبعیات دان البرٹ آئن اسٹائن کا 1922 میں اپنی بہن ماجا کے نام رقم کردہ خط اسرائیل میں تقریباً 40 ہزار ڈالر میں فروخت ہو گیا۔
دی قیدیم نیلامی گھر کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آئن اسٹائن نے یہ خط نازی جرمنی کے لیڈر آڈولف ہٹلر کے اقتدار سے قبل اور یہودی الاصل وزیر خارجہ والٹر راتھیناو کے انتہائی دائیں بازو کے حامیوں کی طرف سے اکتوبر 1922 میں قتل کئے جانے کے بعد رقم کیا۔ خط میں اس دور میں بڑھتی ہوئی قومیت پرستی اور یہودی مخالفت کے خلاف تنبیہاتی پیغامات دئیے گئے ہیں۔ خط کو مغربی بیت المقدس میں منعقدہ کھلی نیلامی میں 39 ہزار 360 ڈالر میں فروخت کیا گیا ہے۔
یہودی الاصل ہونے کی وجہ سے آئن اسٹائن نے جان کے خطرے کی وجہ سے چھپنا شروع کر دیا تھا لہٰذا خط میں انہوں نے لکھا ہے کہ “یہاں پر ایک سیاہ سیاسی دور شروع ہو رہا ہے لہٰذا ہر چیز سے دُور ہونے پر میں بہت خوش ہوں”۔