گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ حکومت کیلیے لمحہ فکر ہے، ہارون میمن

104

 

سکھر (نمائندہ جسارت) آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے بانی و قائد حاجی محمد ہارون میمن نے کہا ہے کہ سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پریشر کی مسلسل کمی کی وجہ سے صارفین شدید پریشان ہیں، گیس لوڈشیڈنگ اور پریشر کمی کی شکایات کا ازالہ نہ ہونا حکومت اور متعلقہ اداروں کے لیے لمحہ فکر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں شہر کے مختلف علاقوں سے آنے والے علاقہ مکینوں اور تاجروں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موسم سرما کے ابتدائی دنوں سے لے کر اب تک گھریلو اور کاروباری صارفین مسلسل محکمہ سوئی گیس کے دفاتر میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر کمی کی شکایات کررہے ہیں، مگر کوئی سننے والا نہیں ہے، گیس کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ اور پریشر کمی سے جہاں گھروں میں خواتین کو امور خانہ داری کی انجام دہی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، وہاں ہوٹل مالکان سمیت دیگر استعمال میں آنے والی گیس کے صارفین شدید ذہنی اذیت سے دوچار ہیں۔ گھروں میں کھانا تیار کرنے میں شدید دشواری ہے اور لوگوں کا کاروبار بھی بے انتہا متاثر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی شکایات کا زالہ نہ ہونا ان کے بنیادی حقوق غصب کرنے کے مترادف ہے۔ تاجر رہنما حاجی محمد ہارون میمن نے وزیراعظم، وفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل، وفاقی سیکرٹری پیٹرولیم و قدرتی وسائل اور محکمہ سوئی گیس کے اعلیٰ حکام سے پر زور مطالبہ کیا کہ سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور گیس پریشر کمی کا مسئلہ فوری طور پر حل کرایا جائے بصورت دیگر شہریوں اور تاجروں نے احتجاج کا راستہ اختیار کیا تو وہ حق بجانب ہوں گے اور اس کی ذمے داری حکومت اور محکمہ سوئی گیس پر عائد ہوگی۔