مسائل سے نکالنے کیلیے قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لانا ہوگی، امیر العظیم

158

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ ملک اس وقت بہت سے مسائل میں گھرا ہوا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت، لوٹ مار، کرپشن اور دیگر چھوٹے بڑے مسائل نے ملک وقوم کو اپنے لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔ 70 برس سے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے۔ ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لیے قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس پاکستان میں لانا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آئے روز کرپشن کے نئے انداز اور طریقے سامنے آرہے ہیں۔ ملک میں نظام بدلنے کی ضرورت ہے۔ قوم کو جعلی نہیں حقیقی تبدیلی کی ضرورت ہے جوکہ صرف اور صرف اسلامی نظام کو رائج کرنے سے آسکتی ہے۔ موروثی سیاست نے وطن عزیز کو کھوکھلا کردیا ہے۔ حکمرانوں کی معاشی پالیسیوں سے عوام تنگ آچکے ہیں۔ ہمارے مسائل کا حل صرف شریعت کے نفاذ میں پنہاں ہے۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں انگریزوں کا قانون رائج ہے۔ سرمایہ داروں، جاگیرداروں اور وڈیروں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے قوم کو متحد ہونا پڑے گا۔ دوہری شہریت کے حامل نمائندے ملک وقوم کے ساتھ مخلص نہیں ہوسکتے۔ ملک میں بڑے پیمانے پر تبدیلی اور اصلاحات کی ضرورت ہے۔ مقتدر طبقات نے پاکستان کو ہمیشہ اپنے مفادات کے لیے استعمال کیا ہے۔ امیر العظیم نے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی غیر دانشمندانہ پالیسیوں اور ناقص کارکردگی کی وجہ سے ملکی مسائل میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، جس کے نتیجے میں ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران ایسی پالیسیاں بنائیں جو ملک وقوم کے مفاد میں ہوں اور جن سے ملکی معیشت میں بہتری آئے۔