راولپنڈی ، منافع خوروں کیخلاف کارروائی، دو لاکھ روپے کے جرمانے

66

 

راولپنڈی (اے پی پی) ضلعی انتظامیہ راولپنڈی نے منافع خوروں اور گرانفروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کے دوران 48 افراد کو دو لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے، انتظامیہ کی جانب سے پرائس کنٹرول لسٹ کے مطابق اشیا خورونوش فروخت نہ کرنے والے متعدد دکانداروں کو اظہار وجوہ کے نوٹسز بھی جاری کیے ہیں۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ملیحہ جمال کی سربراہی میں ضلع راولپنڈی شہر و کینٹ اور ملحقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں روزانہ کی بنیاد پر اشیا خورونوش کی قیمتوں کو چیک کیا جاتا ہے۔ ترجمان نے بتایا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ضلع بھر میں 144 چھاپے مارے گئے اور اس دوران 48 افراد کو پرائس لسٹ کی خلاف ورزی کرنے پر دو لاکھ چودہ ہزار پانچ روپے جرمانہ کیا گیا۔ دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کینٹ و شہر میں پھل اور سبزی فروشوں کی طرف سے صارفین کے لیے کوئی پرائس لسٹ آویزاں نہیں کی جاتی اور دکاندار اپنی مرضی سے اشیا فروخت کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی کہ اشیا خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے گلی محلوں میں موجود مارکیٹوں میں بھی چھاپے مارے جائیں تاکہ عوام انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی پرائس لسٹ کے مطابق پھل وسبزیاں خرید سکیں۔