تحریک پاکستان کے رہنما محمود علی کی 12ویں برسی کے لیےاسلام آباد چیمبرمیں تقریب

591

اسلام آباد : اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے نظریہ پاکستان فورم کے اشتراک سے تحریک پاکستان کے رہنما، آسام مسلم لیگ کے سابق جنرل سیکرٹری، صدر تحریک تکمیل پاکستان اور سابق وفاقی وزیر حکومت پاکستان جناب محمود علی (مرحوم ) کی 12ویں برسی منانے کیلئے ایک تقریب کا انعقاد کیا جس میں مرحوم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تحریک پاکستان کے ممتاز کارکن اور سابق سنیٹر جناب سرتاج عزیز تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ سنیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) عبدالقوم، نظریہ پاکستان فورم کے سیکرٹری شاہد رشید، نظریہ پاکستان فورم اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری، نظریہ پاکستان فورم راولپنڈی کے صدر پروفیسر نعیم قاسم ، نظریہ پاکستان فورم چکوال کے صدر راجہ مجاہد افسر، پریس کونسل آف پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر صلاح الدین مینگل، سکل ڈیولپمنٹ کونسل کے چیئرمین میاں اکرم فرید اور نوائے وقت کے ایڈیٹر جاوید صدیق سمیت متعدد شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر ہاؤس نے متفقہ طور پر ایک قرار داد پاس کی جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں ایک سڑک محمود علی مرحوم کے نام کی جائے اور آئندہ سال مرحوم کے یوم پیدائش کی سو سالہ برسی کے موقع پر ان کا ڈاک ٹکٹ جاری کیا جائے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سرتاج عزیز نے کہا کہ محمود علی (مرحوم) نے ہمیشہ دوقومی نظریے کے فروغ اور امت مسلمہ کی یکجہتی کیلئے اپنی گراں قدر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ محمود علی (مرحوم) نے اپنی پوری زندگی پاکستانیت اور نظریہ پاکستان کے جذبے کی ترقی کیلئے کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے مشرقی پاکستان کی جبری علیحدگی کو کبھی قبول نہیں کیا اور تحریک پاکستان سے لیکر اپنی وفات تک نظریہ پاکستان اور پاکستانیت کیلئے اپنی خدمات انجام دیتے رہے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمدحسن مغل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تحریک پاکستان کے ہیروز نے پاکستان کے حصول کیلئے جو قربانیاں د ی ہیں نوجوان نسل کو ان کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہ کرنے کی اشد ضرورت ہے تا کہ نوجوان تحریک پاکستان کے جذبے سے سرشار ہو کر ملک و قوم کی بہتر خدمت کر سکیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر تاجر برادری اور نوجوان انٹرپرینیورز کو تحریک پاکستان کے رہنماؤں کی خدمات و قربانیوں سے روشناس کرنے کیلئے آئندہ بھی ایسے پروگرام منعقد کرنے کی کوشش کرے گا۔
رکن پارلیمنٹ لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) عبدالقیوم نے کہا کہ محمود علی مرحوم پاکستان سے گہری محبت رکھتے تھے اور ایک عظیم نظریاتی رہنما تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہتر ترقی کیلئے یہ ضروری ہے کہ نوجوان نسل میں تحریک پاکستان کا جذبہ بھرپور طریقے سے اجاگر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان کے قومی ہیروز کی یاد زندہ رکھنے کیلئے ایسی تقریبات کا باقاعدگی کے ساتھ انعقاد کیا جائے ۔
نظریہ پاکستان فورم کے سیکرٹری شاہد رشید، نظریہ پاکستان فورم اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری، نظریہ پاکستان فورم راولپنڈی کے صدر پروفیسر نعیم قاسم، نظریہ پاکستان فورم چکوال کے صدر راجہ مجاہد افسر، پریس کونسل آف پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر صلاح الدین مینگل، سکل ڈیولپمنٹ کونسل کے چیئرمین میاں اکرم فرید اور نوائے وقت کے ایڈیٹر جاوید صدیق نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور محمود علی مرحوم کی تحریک پاکستان اور ملک و قوم کیلئے گراں قدر خدمات پر روشنی ڈالی اور ان کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے تصورات و نظریات کے مطابق پاکستان کو ایک جدید اسلامی، جمہوری اور فلاحی ریاست بنانے کیلئے بھرپور کوشش کرنی چاہیے تا کہ تحریک پاکستان کے خواب کو عملی تعبیر دی جا سکے۔ اس موقع پر شرکاء کو بتایا گیا کہ آئندہ سال محمود علی مرحوم کے یوم پیدائش کی سوسالہ برسی کے موقع پر مرحوم کی پانچ کتابوں کو دوبارہ شائع کیا جائے گا تا کہ نوجوان نسل ان کی تحریروں سے استفادہ حاصل کر سکے۔