طاہر داوڑ، خاشقجی قتل مماثلت رکھتے ہیں، عالمی تحقیقات کرائی جائے، اچکزئی

112

کوئٹہ (آن لائن) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ہم ملک توڑنا نہیں چا ہتے مگر ایک بات واضح کر دیتے ہیں کہ ہم بحیثیت قوم دوسرے درجے کے شہری کے طور پر ملک میں نہیں رہنا چاہتے، کچھ لوگوں کی غیر ذمے داری کی یہ حد ہے کہ بات کرنے کے بجائے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کو امریکا سے جوڑتے ہیں، ایس پی طاہر خان داوڑ شہید کا قتل صحافی جمال کے قتل سے مماثل ہے، اس کی عالمی تحقیقات کا مطالبہ بالکل جائز ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے طاہر خان داوڑ شہید کیلیے فاتحہ خوانی کے بعد صحافیوں سے بات چیت کر تے ہوئے کیا۔ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ سمجھ نہیں آرہا کہ ملک کو کس طرف لے جا یا جا رہا ہے ملک کو چلانے کے لیے مثبت سوچ کی ضرورت ہے۔ جب کوئی اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھا تا ہے تو ان کو مختلف طریقوں سے تنگ کیا جا تا ہے۔ ایس پی طاہر داوڑ اس ملک کے قانون کے رکھوالے تھے جب ان کے ساتھ یہ ظلم ہوتا ہے تو ہم پھر کس طرح سمجھیں کہ اس ملک میں عام پشتونوں کی کیا حیثیت ہوگی؟ پچھلے دنوں میں 2 واقعات ہوئے ایک سعودی عرب کے صحافی اور دوسرا طاہر خان داوڑ کا تھا سعودی عرب بھی منکر تھا کہ صحافی جمال کو ہم نے قتل نہیں کیا اور جب عالمی دباؤ آگیا تو وہی سعودی عرب کہہ رہا ہے کہ 5 سعودیوں کی موت ہوگئی، ملک کو چلانے کے لیے پالیسی ہونی چا ہیے ہم ملک کو توڑنا نہیں چاہتے مگر جب ہمارے ساتھ ظلم و زیادتی ہوگی تو پھر ہم اس ملک میں رہنے کے لیے تیار نہیں ہیں اور نہ ہم دوسرے درجے کے شہری کی حیثیت سے رہنا چا ہتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اس طرح واقعات پر خاموش نہیں رہ سکتی افسوس کا مقام ہے کہ جب بھی کوئی واقعہ ہو جا تا ہے تو واقعے کو پی ٹی ایم کیساتھ جوڑتے ہیں انہوں نے کہا ہے کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی پشتونوں کے حقوق کی ترجمان ہے اور پشتونوں کے حقوق پر کوئی سودے بازی نہیں کرینگے۔