حکومت کی کاشتکاروں کو درپیش مسائل پر کوئی توجہ نہیں، امیر العظیم

78

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ حکومت کی کاشتکاروں کو درپیش مسائل پر کسی قسم کی کوئی توجہ نہیں۔ گنے کی فصل تیار کھڑی ہے جبکہ شوگر مل مالکان نے تاحال کرشنگ سیزن کا آغاز نہیں کیا۔ حکومت نے 15 نومبر کی تاریخ دے رکھی تھی جس کو ہوا میں اڑا دیا گیا۔ شوگر مل مالکان مافیا کی صورت اختیار کرچکے ہیں، جو ہر سال گنے کے کسانوں کا استیصال کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گنے کی کٹائی میں تاخیر سے جہاں ایک طرف گنا کھیتوں میں سوکھنا شروع ہوگیا ہے، وہاں دوسری طرف گندم کی بوائی بھی متاثر ہورہی ہے۔ ہمیشہ سے یہ المیہ رہا ہے کہ کاشتکاروں کے مسائل پر کسی حکومت نے اس انداز میں توجہ نہیں دی جس طرح دی جانی چاہیے تھی۔ پاکستان کی معیشت میں زراعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے مگر بدقسمتی سے سب سے زیادہ نظر انداز بھی اسی شعبے سے وابستہ افراد کو کیا جاتا ہے۔ مل مالکان اور مڈل مین سمیت ہر کوئی کسانوں کو لوٹنا چاہتا ہے۔ جب تک کسانوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ نہیں کیا جائے گا، پاکستان کی معیشت میں بہتری لانا ممکن نہیں۔ ملکی معیشت کی مضبوطی کے لیے شعبہ زراعت کا کردار ہمیشہ سے ہی سرفہرست رہا ہے۔ اس شعبے کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے کسانوں کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔ کسان دشمن پالیسیاں ختم ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ کاشتکاروں کی آواز کو ہر پلیٹ فارم پر بلند کرنے کے ساتھ ساتھ عدالتوں میں مقدمات بھی لڑے ہیں۔ ہم آئندہ بھی اپنے کاشتکار بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ اگر شوگر مل مالکان، بیورو کریسی اور حکومت نے بے حسی کا مظاہرہ جاری رکھا تو معاملات خراب ہوسکتے ہیں۔ حکومت شوگر مل مالکان کے سامنے بے بس ہونے کے بجائے اپنی رٹ کو بحال کرے۔
اسلام آباد پولیس کا منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن، 6 ملزمان گرفتار
اسلام آباد (آئی این پی) اسلام آباد پولیس نے صدر زون میں منشیات فروشوں کیخلاف ایس پی عمر خان کی سربراہی میں کریک ڈاؤن کیا۔ کریک ڈاؤن میں گولڑہ، سیکٹر ایف ایٹ فور اور جی ایٹ ون میں چھاپوں کے دوران 6 منشیات فروش دھر لیے گئے۔ ملزمان سے 580 گرام ہیروئن، شراب کی بوتلیں بھی برآمد کی گئیں۔ تمام ملزمان کیخلاف الگ الگ مقدمات درج کرلیے گئے۔