سودی نظام ختم کر کے ملک میں نظام مصطفیؐ نافذ کیا جائے، راجا محمد جواد

84

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی راجا محمد جواد نے کہا ہے کہ مصنوعی اقدامات سے تبدیلی اور خوشحالی نہیں آسکتی۔ اگر حکومت واقعی عوام کو کوئی ریلیف دینا چاہتی ہے تو ظلم و جبر اور استیصال پر مبنی سودی نظام ختم کر کے ملک میں نظام مصطفیؐ نافذ کردے۔ ضلع بھر میں ربیع الاول کے ماہ مبارک میں تحریک ناموس رسالتﷺ کے حوالے سے سیرت النبیﷺ اور ناموس رسالت کے پروگرامات جاری ہیں۔ اس سلسلے میں 20 نومبر کو گوجر خان اور 23 نومبر کو رحمت آباد راولپنڈی میں بڑے پیمانے پر حرمت رسولﷺ کانفرنسز کا اہتمام کیا جائے گا، جن میں امیر جماعت سینیٹر سراج الحق خصوصی شرکت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کانفرنس کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ انتظامی کمیٹیوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر زون راجا محمد عمیر سمیت دیگر ذمے داران بھی شریک ہوئے۔ راجا محمد جواد نے کہا کہ پاکستان کو جس طرح پانی اور روشنی کی ضرورت ہے، اس سے کہیں زیادہ شریعت کے بابرکت نظام کی ضرورت ہے۔ جب تک سیاست معیشت اور تعلیم و صحت کا نظام اسلام کے مطابق نہیں بنایا جاتا، خوشحالی کا تصور بھی محال ہے۔ اللہ کا عطا کردہ نظام ہی ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے قرضوں سے نجات دلاسکتا ہے۔