کراچی کے امن کے لیے آرمی چیف کی یقین دہانی

228

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی میں امن وامان کو مزید بہتر بنانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ کراچی پاکستانی معیشت کا انجن ہے، امن وامان کی بہتری سے تجارتی سرگرمیاں مثبت اندازمیں جاری ہیں۔ شہر کی سیکورٹی کی صورتحال بہتر بناکر اقتصادی سرگرمیاں بڑھائیں گے۔ کراچی جیسے شہر کو پاک فوج کے سربراہ کی سطح پرہی تحفظ کی یقین دہانی ملنی چاہیے تھی۔ یہ بات انہوں نے قائد آباد پل کے نیچے دھماکے کے اگلے دن کہی ہے جس میں دو افراد ہلاک ہوئے تھے لیکن معاملہ دو افراد کی ہلاکت کانہیں ہے بلکہ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ اس دھماکے کے بعد مزید دھماکے کی تیاری تھی جس پر قانون نافذ کرنے والوں نے قابو پالیا۔ اگر ہمارے قانون نافذ کرنے والے اسی طرح چوکس رہیں اور اپنے کام میں مصروف رہیں تو پھر امن و امان کو خراب کرنے والے ہرگز کامیاب نہیں ہوسکتے۔ کراچی کی اہمیت آنے والے دنوں میں یہاں منعقد ہونے والی آئیڈیاز نمائش کے سبب بھی دو چند ہے۔ اس شہر کی بین الاقوامی حیثیت بھی ہے اس کو سیکورٹی کے ساتھ ساتھ بنیادی ڈھانچے کی بھی ضرورت ہے۔ 50 کے عشرے میں یہاں کا ماسٹر پلان بنایاگیا یقیناًیہ 50 برس یا اس سے کچھ زیادہ عرصے کے لیے بنایا گیا تھا۔ اس پر نظر ثانی یا اس کی تجدید وغیرہ نہیں کی گئی۔ ایسے میں سڑکیں ٹوٹی ہوئی، گلیاں اندھیری، گٹر بہتے ہوئے نظر آئیں گے۔ کچی آبادیاں بنتی رہیں گی اور جرائم کے گڑھ بنتے رہیں گے۔ فی الحال تو کراچی میں امن ہے۔ خدا کرے حالات اور بہتر ہوجائیں۔