جعلی ادویات کی فروخت روکنے کے دعوے سے کوئی نتائج برآمد نہیں ہوئے

106

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی 114کے امیر میاں زبیرلطیف،جنرل سیکرٹری چودھری نویداسلم،نائب امیر رانانعیم اکرم، میاں عبدالستاربیگا اورحاجی محمدنعیم اوردیگرذمے داران نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے جعلی ادویات کی فروخت روکنے کے دعوے وقتا فوقتا سامنے آتے رہتے ہیں جن سے کوئی خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہوے اور ایسی دوائیاں مارکیٹ میں دھڑلے سے فروخت ہو رہی ہیں۔ جعلی ادویات کی ملک کے تمام بڑے شہروں اور دیہات میں ترسیل ہو رہی ہے مگر ڈرگ انٹی فورس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کہیں نظر نہیں آتی جبکہ عوام کی زندگیوں سے کھیلنے والے اس مکروہ کاروبار کے مکمل قلع قمع کے لیے کچھ نہیں کیا جا رہا ہے ،زبیرلطیف نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں بے شمار افراد ان ادویات کے استعمال سے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ جس طرح جعلی ادویات کا کاروبار عروج پر ہے اسی طرح مارکیٹ میں زائد المعیاد ادویہ بھی کھلے عام فروخت کی جاتی ہے۔ان پڑھ اور سادہ لوح انسان ان کا شکار بن رہے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس سماج دشمن دھندے میں ملوث افراد کو کڑی سے کڑی سزاد ی جائے اور پہلے سے موجود قانون کو مزیدسخت بنایا جائے ۔انسانی زندگیوں سے کھیلواڑ کرنے والے کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ افسوس ناک امر یہ ہے کہ قانون کا شکنجہ ان تک نہیں پہنچ پاتا اور اگر کوئی شخص گرفتار ہو بھی جائے تو وہ قانونی داؤ پیچ کے ذریعے بچ نکلنے میں کامیاب ہو جاتا ہے ملک میں اگر صحیح معنوں میں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رٹ قائم ہوتی تو آج صورتحال مختلف ہوتی ۔حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنی رٹ قائم کرے اور اس مکروہ کاروبار میں ملوث افراد کو نشانہ عبرت بنایا جائے تا کہ دوبار کسی کو معصوم زندگیوں سے کھیلنے کی جرات نہ ہو سکے۔