سکھر ( نمائندہ جسارت)آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے صدر حاجی عبدالمتین بندھانی نے شہر کی اہم شاہراہوں و تجارتی مراکز میں بدترین ٹریفک جام رہنے کا بنیادی سبب تجاوزات کی بھرمار کو قرار دیتے ہوئے انتظامیہ سے تجاوزات کرنیوالوں کیخلاف گرینڈ آپریشن کا مطالبہ کیا ہے۔ وہ گزشتہ روز اپنے دفتر میں شہریوں کے وفد سے بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری بدر رفیق قریشی، برکت علی سولنگی، خواجہ جلیل،حاجی شفیع عباسی، محمد یوسف، گلزار بھٹو،ملک رضوان الحق، مولانا عثمان فیضی اورلالہ عابد کھوکھرودیگر موجود تھے۔حاجی عبدالمتین بندھانی کا کہنا تھا کہ نواں گوٹھ، پولیس ہیڈ کوارٹر روڈ، ریس کورس روڈ، شکارپور روڈ، بندر روڈ سمیت اہم شاہراہوں و تجارتی مراکز میں بدترین ٹریفک جام رہنے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ ٹریفک جام رہنے کا بنیادی سبب تجاوزات کی بھرمار ہے، شہر بھر میں بے ترتیب کار پارکنگ اور رکشوں کی ضرورت سے زیادہ موجودگی کی وجہ بھی بدترین ٹریفک جام کا سبب بن رہی ہے، ، گلی و محلوں میں جگہ جگہ رکشے کھڑے ہوئے نظر آتے ہیں جبکہ اہم شاہراہوں و تجارتی مراکز میں دکانداروں نے اپنی دکانوں کے باہر کئی کئی فٹ جگہ گھیر کر سامان سڑک پر رکھا ہوا ہے جس کی وجہ سے بدترین ٹریفک جام رہنا معمول بنا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے وقتاً فوقتاً تجاوزات کیخلاف رسمی کارروائی کرکے عوام کو بے وقوف بنایا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ کسی بھی انسداد تجاوزات مہم کے کے ثمرات عوام تک منتقل نہیں ہوسکے ہیں، انتظامیہ کو چاہیے کہ جس علاقے سے تجاوزات ختم کی گئی ہے اگر وہاں پر دوبارہ تجاوزات قائم کی جائے تو تجاوزات قائم کرنیوالوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کرے تاکہ پھر کسی کو تجاوزات قائم کرنے کی جرأت نہ ہو۔ انہوں نے کمشنر، ڈپٹی کمشنر، میئرو دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ اہم شاہراہوں و تجارتی مراکز میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے گرینڈ انسداد تجاوزات آپریشن شروع کیا جائے۔