حکومت ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی رہائی کیلیے اپنے وعدوں پر عمل کرے

58

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی 115کے چودھری سلیم گجر،جنرل سیکرٹری محمدعثمان انور،نائب امیر یوسف گل پراچہ اوردیگرنے کہا ہے کہ امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ قوم کی بیٹی ہے، حکومت دختراسلام کی رہائی کے لیے اپنے وعدوں پر عمل کرے، دفتر خارجہ کی ڈاکٹرعافیہ کی وطن واپسی کے حوالے سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں بریفنگ اور ان کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے بیان میں کھلا تضاد ہے،حکومت اصل حقائق سے قوم کو آگاہ کرے۔رہنماؤں نے کہا کہ سابق آمر پرویز مشرف دور میں جھوٹے الزامات اور جس طرح قوم کی بیٹی کو پاکستان سے گرفتار کرکے امریکا کے حوالے کیا گیا وہ انتہائی شرمناک عمل تھا۔سابق وزیراعظم نے بھی رہائی کا وعدہ کرنے کے باوجود ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں کیے تھے حالانکہ نواز شریف کی حکومت بروقت اور عملی اقدامات کرتی تو دختراسلام واپس آسکتی تھی،موجودہ وزیراعظم نے بھی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے قوم واہل خانہ سے وعدہ کیا تھا اس لیے حکومت انسانی ہمدردی اور سیاسی بنیادوں پر ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کے لیے اقدامات کرکے قوم سے کیے گئے وعدے پر عمل کرے۔