افغانستان امریکی فوجیوں کا قبرستان ثابت ہوا، امیر العظیم

108

 

لاہور(وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان پر اپنے شدیدردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ امریکی صدر کے بیان پر حکومت پاکستان کاجراتمندانہ مؤقف سامنے آناچاہیے ۔ پاکستان کی عزت ،خودمختاری اورسلامتی پرکوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔سابق ڈکٹیٹرپرویزمشرف کی بزدلانہ پالیسیوں کواب ہمیشہ کے لیے دفن کرکے نئی خارجہ پالیسی کو از سر نوتشکیل دیاجاناچاہیے اور اس حوالے سے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیاجائے۔امریکا دراصل افغانستان میں اپنی ناکامی کاملبہ پاکستان پر گرانا چاہتاہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا کاگھناؤنا چہرہ کھل کر دنیا کے سامنے آگیا ہے۔ امریکا کی خارجہ پالیسی درحقیقت دہرے معیار کی حامل ہے۔نام نہاد امریکی جنگ میں جتنا نقصان پاکستان اور اس کے عوام نے برداشت کیاہے ،اتناامریکا سمیت اس کے کسی اتحادی ملک نے برداشت نہیں کیا۔ ہمارے 10 ہزار سیکورٹی اہلکاروں سمیت 70ہزار افراد شہید اور ملکی معیشت کوسواسوارب ڈالر سے زائد کادھچکا لگ چکا ہے۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی نام نہاد جنگ ہمارے گلی محلوں تک پہنچ گئی تھی۔اس جنگ کامقابلہ جس طرح ہماری سیکورٹی فورسزاور عوام نے بڑی دلیری کے ساتھ کیا ہے، اس کی مثال دنیاکی تاریخ میں نہیں ملتی۔ایک طرف امریکا کے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل جوزف تسلیم کررہے ہیں کہ افغانستان میں طالبان اب بھی مضبوط پوزیشن میں ہیں اور طالبان کے ساتھ قطر اور روس میں مذاکرات کی میزسجائی جارہی ہے تو دوسری طرف امریکا کی جانب پاکستان پر دباؤبڑھاکراپنے مطلوبہ مقاصد حاصل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ امیر العظیم نے مزیدکہاکہ افغانستان امریکی فوجیوں کا قبرستان ثابت ہواہے۔یہودونصاریٰ کاشیطانی اتحاد امت مسلمہ کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔اس کو ناکام بنانے کے لیے اتحادویکجہتی کامظاہرہ کرنا ہوگا۔ حکومت پاکستان امریکا کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات استوار کرے۔