تبدیلی کے دعویداروں نے عوام کی مشکلات میں مزیداضافہ کردیا ہے

80

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر راناعدنان خاں ،جنرل سیکرٹری چودھری عمرفاروق گجر،نائب صدر محمدسلیم انصاری نے کہا ہے کہ ہ وزیر اعظم عمران خان نے انتخابات سے قبل اعلان کیا تھاکہ وہ ملکی وسائل سے بھرپور استفادہ کریں گے اور کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلائیں گے مگر ان کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔موجودہ حکمران بھی ماضی کی حکومتوں کی طرح کشکول تھام کردنیا کے سامنے ہاتھ پھیلارہے ہیں۔تبدیلی کے دعویداروں نے عوام کی مشکلات میں مزیداضافہ کردیا ہے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ سے غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے عوام فاقہ کشی پر مجبور ہوچکے ہیں۔دووقت کی روٹی کاملناغریب عوام کے لیے اب محال ہوچکاہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آئی ایم ایف سے بیل آؤٹ پیکیج لینے کی غرض سے اس کی سخت شرائط پر عمل درآمد کرنے جارہی ہے۔اس سے ملک میں مہنگائی کی ایک نئی لہر اٹھے گی جس سے غریب اور متوسط طبقے کے لیے مزید مشکلات پیداہوجائیں گی۔کسی بھی ملک کی ترقی وخوشحالی کے لیے قرضوں سے نجات بہت ضروری ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا رپورٹ کے مطابق موجودہ حکومت نے صرف11 ہفتوں کے دوران سٹیٹ بینک سے 29 کھرب 38 ارب روپے سے زائد کاقرض حاصل کیا ہے جبکہ حکومتی اداروں نے بینکوں سے 57 ارب روپے بطور قرض لیاہے۔المیہ یہ ہے کہ ہم8ارب ڈالر صرف قرضوں پرلگنے والے سود کی مد میں اداکرتے ہیں۔اس وقت ہر پاکستانی1لاکھ24ہزارروپے کامقروض ہے اور جس انداز میں مزیدقرض لیاجارہاہے اس سے ملکی معیشت تباہ ہوجائے گی اور حالات مزید دگر گوں ہوجائیں گے۔ دریں اثناجماعت اسلامی یوتھ کے رہنماؤں نے تبلیغی جماعت کے امیر ممتازعالم دین حاجی عبدالوہاب کے انتقال پر گہرے رنج وغم کااظہارکرتے ہوئے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور ان کے لواحقین کوصبر جمیل عطا کرے ۔ حاجی عبدالوہاب کی دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔اللہ تعالیٰ ان کی دین اسلام کے لیے کی گئی کاوشوں کوقبولیت سے نوازے اور ان کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔ (آمین)۔