سیرت مصطفی ﷺاپنانے کی چیز ہے،راناطٰہ خان

63

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی 113کے راناطٰہٰ خاں،جنر ل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن،نائب امیر ڈاکٹرمحمدانورنے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سیرت مصطفی اپنانے کی چیز ہے، ہم عاشق محمد ﷺ اور غلام محمد ﷺ ہونے کے دعویدار اُسی صورت بن سکتے ہیں جب ہم حضور ﷺ کی سنتوں اور بتائے ہوئے طریقوں پر اپنی زندگی گزاریں، محض لفظی نعروں اور گھروں میں چراغاں کرنے سے روزِ قیامت ہم حضور ﷺ کی شفاعت کے نہ تومستحق ہو سکتے ہیں اور نہ ہی ہماری کامیابی ہو سکتی ہے۔ ’’میلاد نبیﷺ کامقصد‘‘ اسی وقت پورا ہو سکتا ہے کہ جب ہم سرکار مدینہ کے مکمل غلام بن جائیں اور مکمل غلامی کا اظہار صرف اور صرف آپ ﷺ کے احکامات پر عمل کرنا ہے۔رہنماؤں نے کہا کہ جشن اور مشن میں فرق کرنا ہو گا۔ جشن منانا اپنی جگہ اور اپنی اپنی محبت کا اظہار ہے، مگر حضور ﷺ کے مشن پر عمل کرنا فرض عین ہے۔ علمائے کرام ربیع الاول کے مہینے کو برائیوں کے خاتمے اور بھلائیوں کی تبلیغ کا ذریعہ بنائیں۔ حضور ﷺ کی سیرت و کردار تمام انسانیت بالخصوص امت مسلمہ کے لئے مشعل راہ ہے۔ جب تک ہم حضور ﷺ کے بتائے ہوئے راستے پر گامزن نہیں ہونگے اس وقت دنیا و آخرت میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔ حضورﷺ باعث تخلیق کائنات ہیں اور ان کی تخلیق سب سے پہلے فرمائی اور بعثت تمام انبیا کے بعد ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ماہ ربیع الاول ہمیں اتفاق و اتحاد و باہمی الفت کا درس دیتا ہے۔ مگر افسوس سے ساتھ یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ حضور ﷺ کی ذات مقدسہ کو ہم مسلمانوں نے باعث نزاع بنایا ہوا ہے۔اس ماہ مقدس میں درود و سلام اور تلاوت قرآن پاک کی کثرت کی جائے اور ساتھ ساتھ یہ عزم بھی کیا جائے کہ آئندہ کی زندگی حضور ﷺ کے مبارک اور پر نور طریقوں کے مطابق گزاریں گے۔