عشق مصطفی ﷺکاتقاضا ہے ملک میں نظام مصطفی ؐ کے نفاذکو تیز کیا جائے

42

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر راناعدنان خاں حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت مشکلات سے نکلنا چاہتی ہے تو حضور ؐ کی ولادت کے ماہ مبارک میں آپ ؐ کی شریعت کے نفاذ کا اعلان کردے۔انہوں نے کہاکہ عشق مصطفی ﷺکا تقاضا ہے کہ ملک میں نظام مصطفی ؐ کے نفاذ کی جدوجہد کو تیز کیا جائے۔ نبی آخر الزمانؐ رحمت اللعالمین ہیں۔ آپ ؐ کے نظام میں خواتین، اقلیتوں اور زندگی کے محروم و مجبور طبقوں سمیت سب کے لیے رحمت ہی رحمت اور کامیابی کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہاکہ رسول اللہ ؐسے عشق و محبت اور عقیدت کے دعوے تو سب ہی کرتے ہیں مگر اصل چیلنج ان کی لائی ہوئی شریعت اور نظام کا نفاذ ہے تاکہ انسانیت کو اندھیروں سے نکال کر روشنی میں لایا جاسکے اور کمزوروں پر ہونے والے ظلم کو روکا جاسکے۔ حضور ؐ کی سب سے بڑی سنت دین کا غلبہ اور اسلامی نظام کا قیام ہے۔اسلامی حکومت قائم ہو جائے تو اچھائی اور نیکی خود بخود پھیلے گی اور بدی کی قوتوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ آج چاروں طرف مسلمانوں کا ایک سمند رموجود ہے مگر خوف خدا اور امت کا درد رکھنے والی قیادت نہ ہونے کی وجہ سے دشمن اس سمندر کو قطرہ قطرہ کر کے ختم کر رہاہے۔ انہوں نے کہاکہ حضور ؐ نے ہمیں ایک امت بنایا تھا آج جولوگ مسلمانوں کو علاقائی، لسانی اور فرقوں کی بنیاد پر تقسیم کر رہے ہیں، وہ امت کی خیر خواہی نہیں بلکہ دشمن کے ایجنڈے کو پورا کر رہے ہیں۔ ربیع الاول دلوں کی دنیا کو حضورؐ کی سنتوں سے منور کرنے کا ماہ مبارک ہے اس کے احترام کا بہترین ذریعہ یہ ہے کہ ہم ملک میں حضور ؐ کے لائے ہوئے دین کے غلبے کے لیے تن من دھن سے جدوجہد کریں اور آپ ؐ کے نظام کے نفاذ کے لیے پوری قوم متحدہو جائے۔