ناموس رسالتﷺ کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے، محبوب علی سہتو

89

سکھر (نمائندہ جسارت) سنی تحریک کے مرکزی رہنما حافظ محبوب علی سہتو نے کہا ہے کہ ناموس رسالتﷺ کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اس پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ تحفظ ناموس رسالتﷺ کی آڑ میں پاک افواج، ملکی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کسی صورت قبول نہیں ہے۔ علما اہلسنت نے ہمیشہ پرامن جدوجہد کی ہے اور قیام پاکستان کی تحریک میں اپنی جانوں کے نذرانے دے کر محب وطن ہونے کا ثبوت دیا ہے، ہم کسی صورت اپنے اسلاف کی تعلیمات کو فراموش نہیں کرسکتے۔ ملکی ادارے ہمارے ادارے ہیں، ہم ان کیخلاف ہر سازش کو ناکام بنادیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جشن میلادالنبیﷺ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ محبوب علی سہتو نے کہا کہ بیرونی قوتیں پاکستان میں آپس میں لڑانے کی سازشوں میں مصروف ہیں، جن کا مقصد پاکستان میں افراتفری پھیلانا اور خون ریزی کرانا ہے، کراچی میں چینی قونصلیٹ پر حملہ اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ ملک کے دشمنوں کو پاکستان میں امن ہضم نہیں ہورہا، پاکستان میں امن کی خاطر پاک افواج، رینجرز، پولیس اور عوام نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔