سودی نظام کی موجودگی میں ملکی معیشت ترقی نہیں کرسکتی ہے،راجا محمدجواد

108

راولپنڈی (وقائع نگارخصوصی)امیرجماعت اسلامی ضلع راولپنڈی راجا محمدجوادنے کہاہے کہ پاکستان مدینہ منورہ کے بعد واحد ریاست ہے جو نظریہ کی بنیاد پر بنی۔ ایمان و عشق رسول ﷺ کا تقاضاہے کہ نظام مصطفیﷺ کے قیام کے لیے جدوجہد کریں جس کے لیے پیغمبر اسلام ﷺ دنیا میں تشریف لائے ۔ ہماری زندگیوں میں سارا حسن پیغمبر اسلام کی وجہ سے ہے ، آج ہم نے ترقی کرنی ہے تو سیرت رسول ﷺکی پیروی کرنا ہوگی ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے جماعت اسلامی بحریہ ٹاؤن کے زیراہتما م منعقدہ سیرت النبی ﷺکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر امیرزون پی پی 13ملک محمدالیاس ،رہنماجماعت اسلامی مشتاق انجم،مقامی صدرجے آئی یوتھ شبیر احمد قصوری سمیت دیگررہنماؤں نے بھی اظہارخیال کیا ۔ راجا محمد جواد نے کہاکہ حضور ﷺنے ہمیں ایک نظام دیا ہے اس کی موجودگی میں لینن، ہٹلر اور دوسرے کسی ازم کی طرف دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ہمارا سارا نظام سودکے بنیاد پر چل رہا ہے سودی نظام کی موجودگی میں ملکی معیشت نہ ترقی کرسکتی ہے نہ ٹھیک ہوسکتی ہے، کیونکہ قرآن میں سود کو اللہ اور رسولؐ کے خلاف جنگ قرار دیا گیا اور یہ جنگ اللہ اور رسول ؐ سے نہیں جیتی جاسکتی۔