بجلی ، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے عوام تنگ آگئے، امیر الؑ ظیم

82

 

لاہور(وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہاہے کہ موجودہ حکمرانوں نے اپنے پہلے تین ماہ کے دور اقتدار میں روزمرہ کی اشیا کے نرخوں میں65فیصد اضافہ کردیا ہے۔ بجلی ،گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے عوام تنگ آچکے ہیں اور دن پردن حکومتی کارکردگی کے حوالے سے مایوسی کاشکار ہیں۔اگر تحریک انصاف کی حکومت اپنے وعدوں اور دعووں کے مطابق قوم کو ریلیف نہ دے سکی تو ملک میں جمہوریت کے لیے خطرات لاحق ہوجائیں گے۔کسی بھی جمہوری نظام میں عوامی فلاح وبہبود کاخیال رکھاجاتا ہے لیکن جب لوگ ہی حکومت سے مایوس ہوجائیں تو پھر غیر جمہوری قوتوں کواقتدار پر مسلط ہونے کاموقع ملتاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ حکومتی وزراء مہنگائی اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مزید اضافے کے بیانات دے رہے ہیں جس سے قوم میں اضطراب پایاجاتا ہے ۔ موجودہ حکمران ماضی میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بلند وبانگ دعوے کرتے رہے ہیں مگر اقتدار ملنے کے بعد ان کی کارکردگی شدید مایوس کن ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی معاشی ماہرین پر مبنی ٹیم قوم کوکہیں نظر نہیں آرہی۔کشکول لے کر دنیامیں گھومنے کا سلسلہ جاری ہے۔جب چین اور سعودی عرب سے امداد مل گئی ہے تو پھر آئی ایم ایف کے پاس جانا ناقابل فہم ہے۔یوں محسوس ہوتاہے کہ جیسے حکمرانوں کے پاس معاشی وژن نہیں۔مہنگائی میں ہوشربااضافے نے عوام کے ہوش اڑادیے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملکی ترقی وخوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ آئی ایم ایف ،ورلڈ بینک اور دیگر مالیاتی اداروں سے قرض لینے کے بجائے ملکی وسائل پر انحصار کیا جائے اور ان سے بھرپور انداز میں استفادہ کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے ملک کو ہر طرح کے وسائل سے نوازا ہے ۔ حکومت کو اپنی معاشی پالیسیاں بدلنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں اس وقت 40فیصد آبادی سطح غربت سے نیچے زندگی گزانے پر مجبور ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کی فلاح وبہبود کے لیے حقیقی معنوں میں کام کیاجائے۔امیر العظیم نے مزیدکہاکہ عوام نے تحریک انصاف کواپنی حالت بدلنے اور ملک درست سمت چلانے کے لیے ووٹ دیے تھے مگر المیہ یہ ہے کہ موجودہ حکمران بھی ماضی کے حکمرانوں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔