حکومت 100 دنوں میں عوام کو کوئی خوشی نہیں دے سکی،میاں زبیر

85

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی 114کے امیر میاں زبیر لطیف،جنرل سیکرٹری چودھری نوید اسلم،نائب امیر رانانعیم اکرم، میاں عبدالستاربیگا اورحاجی محمدنعیم و دیگر ذمے داران نے حکومت اپنے 100 دنوں میں عوام کو کوئی خوشی نہیں دے سکی۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مسلسل ان پر مہنگائی کے کوڑے برسا رہی ہے۔ ہر پندرہ دن بعد فیول ایڈجسٹمنٹ کا بہانا بناکر بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافہ کردیا جاتاہے۔ ایک بار پھر ایک روپیہ ستائیس پیسے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں اضافہ کردیاگیاہے جو ناقابل قبول ہے، حکومت اس اضافہ کو واپس لے۔ حکومت سے عوام نے جو توقعات لگائی تھیں، وہ پوری نہیں ہوسکیں۔ جن لوگوں نے بڑی امیدوں کے ساتھ حکومت کو ووٹ دیا تھا، وہ مایوسی کا شکار ہیں۔ جب تک عام آدمی کو غربت، مہنگائی اور بے روزگاری سے ریلیف نہیں ملتا، لوگ حکمرانوں کے دعوؤں پر یقین نہیں کریں گے۔ حکومت نے ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار، پچاس لاکھ بے گھر افراد کو گھر دینے کا وعدہ کیا تھا، تین ماہ کے دوران حکومت اس طرف کوئی پیش رفت نہیں کر سکی جس کی وجہ سے نوجوان مایوس ہیں، خاص طور پر وہ اوور سیز پاکستانی جنہوں نے پی ٹی آئی حکومت کی الیکشن مہم بڑے جوش و خروش سے چلائی تھی، وہ بھی بددلی کا شکار ہیں۔سابقہ حکومتیں تین چار سال گزارنے کے بعد غیر مقبولیت کے جس مقام پر پہنچتی تھیں، موجودہ حکومت تین ماہ میں ہی اس مقام پر پہنچ گئی ہے۔ وزیراعظم نے اعلان کیا تھاکہ وہ پاکستان کو مدینہ منورہ کی طرز پر اسلامی ریاست بنائیں گے مگر اب تک اس طرف بھی کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ ہماری سیاست، معیشت اور عدالت میں شریعت کا نظام نہیں۔