حکومت کاٹیج انڈسٹری کیلیے کم مارک اپ قرضے فراہم کرے،شبنم ظفر 

193
ایف پی سی سی آئی کی نائب صدرشبنم ظفربزنس سینٹر میں اسٹال کا دورہ کر رہی ہیں
ایف پی سی سی آئی کی نائب صدرشبنم ظفربزنس سینٹر میں اسٹال کا دورہ کر رہی ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)حکومت ویلیو ایڈڈ انڈسٹری کو تقویت فراہم کرے کیونکہ ویلیوایڈڈ مصنوعات کی ایکسپورٹس سے ملک میں کثیرزرمبادلہ کی آمد ممکن ہے،گوجرانوالہ کی کاٹیج انڈسٹری اس وقت نان ٹریڈیشنل آئٹمزمصنوعات تیار کرنے میں سرفہرست ہے اور اگر یہاں کے صنعتکاروں کو حکومت ہرممکن سہولیات مہیا کرے تو بے روزگار افراد کو روزگار مہیا کرسکتے ہیں،ضرورت اس بات کی ہے کہ جس طرح چائنا نے اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کے لیے جدوجہد کی ہے ،ہماری حکومت بھی اسی فارمولے پر عمل کرے اور کاٹیج انڈسٹری سے وابستہ صنعتکاروں کو کم مارک اپ قرضے فراہم کرے ۔ان خیالات کا اظہار ایف پی سی سی آئی کی نائب صدر مس شبنم ظفر نے بزنس سینٹرگوجرانوالہ میں میڈ ان گوجرانوالہ نمائش کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہی ۔اس موقع پرسابق ریجنل چیئرمین ایف پی سی سی آئی،سابق صدر گوجرانوالہ چیمبر اور چیئرمین گوجرانوالہ بزنس سینٹر خواجہ ضرار کلیم اور دیگر بھی موجود تھے۔شبنم ظفر نے بزنس سینٹر کے اسٹالز کا دورہ کیا اور وہاں موجود اشیاء کے معیار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کے صنعتکاروں نے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ دنیا کی بہترین مصنوعات تیار کرتے ہیں جو عالمی منڈی میں حریف ممالک کی مصنوعات سے مقابلہ کرسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ویلیو ایڈمصنوعات کے فروغ کے لیے خصوصی اقدامات کی ضرورت ہے اور یہی شعبہ پاکستان کی ایکسپورٹ کو بڑھا سکتا ہے۔خواجہ ضرار کلیم نے بتایا کہ گوجرانوالہ بزنس سینٹر پورے ملک میں توجہ کا مرکز بن گیا ہے اور یہ شہر ہرسال ملکی معیشت میں اربوں روپے کا حصہ ڈال رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ گوجرانوالہ بزنس سینٹر میں60اسٹالز لگائے گئے ہیں اور یہ شہر نان ٹریڈیشنل آئٹمزکی تیاری میں پیش پیش ہے،اس شہر سے 650ملین ڈالر سے زائد کی مختلف مصنوعات برآمد کی جارہی ہیں جبکہ گوجرانوالہ ایک ارب ڈالر کی مصنوعات بھی بیرون ممالک سے درآمد کررہا ہے۔