فیس بک میسنجر میں صارفین کو پرانے پیغامات موصول ہونے لگے

161

نیویارک:سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک کی ایک اور نااہلی سامنے آگئی ہے اور صارفین کے لئے نئی مشکلات سامنے آنے لگی ہیں کیونکہ سالوں پرانے پیغامات دوبارہ موصول ہونے لگے۔

فیس بک انتظامیہ نے میسنجر میں پرانے پیغامات دوبارہ بھیجے جانے کی شکایات موصول ہونے کی تصدیق کی ہے۔اکثر فیس بک صارفین نے ٹوئٹر پر فیس بک پر ظاہر ہونے والے سالوں پرانے پیغامات ان ریڈ (نہ پڑھا ہوا)ظاہر ہونے سے متعلق شکایت کی۔

اسے صارفین کی سکیورٹی کے لیے خطرہ بھی قرار دیا۔ فیس بک کے ترجمان نے بتایا کہ بعض افراد کو فیس بک پر پرانے پیغامات دوبارہ موصول ہوئے ہیں ، ہم اس مسئلے سے آگاہ ہیں اور اسے حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔

صارفین کو مشکلات پیش آنے پر ہم معذرت کرتے ہیںتاہم بعض صارفین نے اس مسئلے پر تشویش کا اظہار کیا کہ پرانے پیغامات دوبارہ موصول ہونے سے ثابت ہوتا ہے کہ صارفین کی جانب سے سالوں پرانی میسنجر پر کی گئی ذاتی نوعیت کی بات چیت کو فیس بک محفوظ رکھتا ہے۔

فیس بک میسنجر میں یہ نیا مسئلہ ان افراد کے لیے کسی بڑے صدمے سے کم نہیں جن کے خاندان کا کوئی فرد یا کوئی دوست انتقال کرچکا ہو اور ان کے پرانے میسیجز دوبارہ موصول ہورہے ہوں۔

فیس بک ترجمان نے بتایا کہ بعض افراد کو فیس بک کی جانب سے پرانے پیغامات دوبارہ بھیجے گئے تھے، یہ مسئلہ سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کی وجہ سے ہوا تھا اور اسے حل کیا جاچکا ہے۔صارفین کو مشکلات پیش آنے پر ہم معذرت خواہ ہیں۔