پوری دنیا کو مفت انٹرنیٹ فراہم کرنے کا اہم منصوبہ

308

انٹرنیٹ اور وائی فائی کے دور میں دنیا کے ایسے ممالک بھی شامل ہیں جہاں ڈیجیٹل اندھیرا ہے اور وہاں یہ سہولیات موجود نہیں، اس تناظر میں چین کی ایک مشہور کمپنی نے پوری دنیا کو مفت انٹرنیٹ فراہم کرنے کے ایک اہم منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

چینی کمپنی لنک شیورنیٹ ورک نے کہا ہے کہ وہ 2026ء تک ایک دو نہیں بلکہ 272 سیٹلائٹ مدار میں بھیجے گی جو پوری دنیا کا احاطہ کرتے ہوئے مفت وائی فائی فراہم کریں گے۔ اس ضمن میں پہلا سیٹلائٹ لنک شیور ون اگلے سال روانہ کیا جائے گا، 2020ء میں مزید 10 اور 2026ء تک 272  سیٹلائٹ خلا میں کام شروع کردیں گے۔

کمپنی کا مؤقف ہے کہ اس میں ایک سیٹلائٹ سے دوسرے سیٹلائٹ تک انٹرنیٹ رابطے کو یقینی بنایا جاسکے گا جس کا تجربہ اسپیس ایکس راکٹ کے ذریعے کیا جاچکا ہے۔ اس طرح جوں ہی آپ کے فون پر سیٹلائٹ کا خاکہ نمودار ہوگا تو سمجھیں کہ آپ آن لائن ہوگئے ہیں۔

لنک شیور کمپنی پہلے بھی وائی فائی ماسٹر کی ایپ پیش کرکے بہت شہرت کما چکی ہے۔ اب چینی اکیڈمی آف اسپیس کے تعاون سے وہ سیٹلائٹ نظاموں پر کام کررہی ہے۔

قبل ازیں گوگل پروجیکٹ لون نے بھی گرم غباروں کے ذریعے ترقی پذیر ممالک میں وائی فائی سگنلز بھیجنے کا ایک منصوبہ شروع کیا تھا جو آگے نہ چل سکا لیکن لنک شیور کے منصوبے کے بعد امید پیدا ہوئی ہے کہ دنیا کی بڑی آبادی انٹرنیٹ سے وابستہ ہوجائے گی۔