ترجیح دعوت وتربیت ،گلی محلے تک تنظیم منظم کریں گے ،راجا جواد

94

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی )امیرجماعت اسلامی ضلع راولپنڈی راجا محمدجواد نے کہاہے کہ اسلام کے نام پرقائم ہونے والی نظریاتی ریاست میں عوام قرآن وسنت سے متصادم کوئی اقدام برداشت نہیں کریں عشق نبی ﷺہرمسلمان کا فخراورشان ہے ہتھکڑیا ں ،جیلیں ہی نہیں نبی اقد س ﷺ کی ناموس کی خاطرہمیں اپنی جانیں بھی قربانی کرناپڑیں توہم اس سے دریغ نہیں کریں گے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ضلعی ذمے داران کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس مو قع پر سابق امیرضلع شمس الرحمن سواتی ، ضلعی جنرل سیکرٹری امجدحسین شاہ ،نائب امرا ضلع ظفرالحسن جوئیہ ایڈووکیٹ،چودھری عطا ربانی اورجاوید قریشی سمیت دیگرذمے داران بھی موجود تھے ۔اجلاس میں تنظیمی ،تربیتی اورسیاسی امورکا جائزہ لینے کے بعد مختلف شعبہ جات کے حوالے سے ذمے داریاں تفویض کی گئیں ۔راجا محمدجوادنے کہاکہ ہماری ترجیح دعوت وتربیت کا میدان ہے ضلع میں گلی محلے کی سطح تک دین کے غلبے کی اس تحریک کومنظم کریں گے اس حوالے سے ذیلی تنظیموں کوہدایات جاری کردی گئی ہیں بلدیاتی الیکشن کیلیے تیاریوں کے علاوہ علاقے کے بااثرافراد سے رابطے کیلیے بھی مربوط پلاننگ کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں اسلام پسند اورلادین کی واضح تقسیم ہوچکی ہے عالمی طاغوتی قوتوں کے آلہ کارپارلیمنٹ سمیت ہرفورم پر ایک ہوچکے ہیں ہم فکری اوردینی محاذ پر لادین عناصر کا مقابلہ کریں گے ،ناموس رسالت ﷺ کے قوانین کوتبدیل کرنے کی اس سے قبل بھی تمام مذموم کوششیں ناکام ہوئیں اب بھی ایسی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی ۔ اسلام کے نام پر بننے والی نظریاتی ریاست میں نظام مصطفی ﷺ کے قیام کیلیے جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری رہے گی ۔