وزیر اعظم نے ریلوے ملازمین کیلیے مراعات کا اعلان نہ کر کے مایوس کیا ،خالد محمود 

32

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) ریلوے پریم یونین کے رہنما خالد محمود چودھری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے سو روزہ کارکردگی خطاب میں ریلوے ملازمین کے لیے کسی قسم کی مراعات کا اعلان نہ کر کے لاکھوں ملازمین کی حکومت سے وابستہ توقعات کو یکدم خاک میں ملا دیا ہے۔ ریلوے ملازمین نے دن رات ایک کرکے پہلے سو دن میں دس نئی ٹرینوں کا اجرا کروا کے حکومت کے ہاتھ مضبوط کیے، ملازمین کو توقع تھی نومنتخب حکومت پنے انتخابی وعدوں کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کرے گی۔ ریلوے کے لاکھوں ملازمین کو ذہنی اذیت سے دو چار نہ کیا جائے۔ وہ ملازمین جنہوں نے اپنی زندگیاں ریلوے کی ترقی اور بہبود میں گزار دیں آج ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں مگر کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے اسٹیشن پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ملک بشیر، باؤ طاہر، ظہیرالدین بابر، باسط شفیق، محمد آصف جاوید، نعیم اختر، محمد رمضان، نادر شاہ اور دیگر زونل ذمے داران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے مزدوروں نے شب و روز محنت کرکے ریلوے کے ناکارہ انجنوں کو دوبارہ ٹریک پر رواں دواں کردیا ہے، ریل کی ٹائمنگ بہتر ہوئی۔ ریلوے میں مال گاڑیاں، کنٹینر اسپیشل اور آئل کی ٹرینیں ریلوے ٹریک پر نظر آنا شروع ہوگئیں۔اب حکومت بھی مزدور دوستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریلوے ملازمین کا حق تسلیم کرے۔ دن رات اپنے وطن کی خدمت پر مامور ملازمین کے مطالبات تسلیم نہ کرنا ان کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، پارلیمانی سیکرٹری میاں فرخ حبیب سے مطالبہ کیا کہ ریلوے میں سیاسی بنیادوں پر بھرتی کے بجائے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کا کوٹہ مقرر اور دیگر مطالبات منظور کیے جائیں۔