ملک میں مسائل کے انبار ،حکمران محض دکھاوے کے اقدامات کررہے ہیں

98

لاہور(وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہاہے کہ ملک میں مسائل کے انبار لگے ہیں۔تحریک انصاف کی حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے محض طفل تسلیوں سے کام لے رہی ہے۔تحریک انصاف کی حکومت سے عوام کو امید تھی کہ وہ کرپشن کاخاتمہ،مہنگائی،بیروزگاری اور غربت پر قابو پائے گی اور قوم کے لیے آسانیاں پیداکرے گی مگربدقسمتی سے ابھی تک ایسانہیں ہوسکتا۔ دکھاوے کے اقدامات اورکاغذی کارروائیوں سے عوام کی حالت زار نہیں بدل سکتی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ملک میں اس وقت تقریباڈھائی کروڑبچے ااسکول جانے کی بجائے سڑکوں پرکوڑا کرکٹ چننے،کارخانوں میں محنت مزدوری کرنے، ورکشاپس ، ہوٹلوں اور اینٹوں کے بھٹوں پر دیہاڑی پر کام کرکے اپنے خاندان کاپیٹ پالنے پر مجبور ہیں۔المیہ یہ ہے کہ اس حوالے سے چائلڈ لیبرایکٹ قانون توموجود ہے مگر اس پر اصل روح کے مطابق عمل درآمد نہیں ہوتا۔ وزارت تعلیم اوردیگر متعلقہ اداروں کی اس حوالے سے کارکردگی آٹے میں نمک کے برابر ہے۔بہترمستقبل کے لیے ان معصوم بچوں کے ہاتھوں سے اوزار لے کر اسکول بیگ دینا ہوگا۔یہ پاکستان کا مستقبل ہیں ان کی اچھی نشوونماکرنے اوربہتر تعلیم دے کراس مستقبل کومحفوظ کیاجاسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ نجی میڈیکل کالجوں میں داخلوں کے لیے50لاکھ روپے نہ رکھنے والے طلبہ کوکالجوں سے نکالناتشویش ناک امر ہے۔ پاکستان پرائیویٹ میڈیکل انسٹیٹیوشنز نے پی ایم ڈی سی کی ریگولیشنز میں یہ منظورکررکھاتھاکہ نجی کالج میں داخلہ لینے والے طلبہ 2سال کی فیس اور50لاکھ روپے کی بنک سٹیٹمنٹ جمع کرائیں گے،یہ ناقابل فہم اور تشویش کاباعث ہے۔اس قسم کے اقدام سے غریب طلبہ کی حوصلہ شکنی ہوگی،فی الفور اس فیصلے کو واپس لیاجانا چاہئے۔ملک میں پہلے ہی 2لاکھ آبادی کے لیے صرف ایک ڈاکٹر دستیاب ہے اور عوام کوصحت کی بنیادی سہولیات تک میسر نہیں۔حکومت وقت اس حوالے سے نوٹس لے،طلبہ کے مستقبل کے ساتھ کھیلنے کی کسی کواجازت نہیں دی جاسکتی ۔