غلامان مصطفیﷺ کسی کو آئین سے کھلواڑ کی اجازت نہیں دیں گے ،ڈاکٹر طارق سلیم 

44

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ غلامان مصطفیﷺ کسی کو آئین سے کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ نظام مصطفےﷺ کا قیام ہی تما م مسائل کا حل ہے، آئین پاکستان قومی وحدت و یکجہتی کی علامت اور نظریاتی واسلامی پاکستان کی بنیاد ہے، اس کی حفاظت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ختم نبوت اور ناموس رسالت کے تحفظ کے لیے پوری قوم ایک پیج پر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چکلالہ کینٹ میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام منعقدہ سیرت النبیﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیرضلع راولپنڈی راجا محمد جواد، رہنما جماعت اسلامی پی پی 13 محمد تاج عباسی، امیر زون ملک محمد الیاس سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن صوبہ پنجاب رضوان احمد جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان، ضلعی جنرل سیکرٹری امجد حسین شاہ، امیر زون پی پی 12 امتیاز علی اسلم سمیت دیگر ذمے داران اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد شریک تھی۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ حکومت کو یوٹرن لینے اور یوٹرن کے جواز پیدا کرنے کے بجائے رائٹ ٹرن لے کر اپنے وعدوں کی تکمیل کی طرف توجہ دینی چاہیے۔ حکومت کے سو دنوں میں ان کے اپنے منشور، وعدوں اور دعووں پر عمل درآمد کے حوالے سے کوئی بھی ایک مثال موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام ریلیف چاہتے، غربت، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی سے نجات چاہتے ہیں۔ عوام کو دعووں اور نعروں سے زیادہ دیر بہلایا نہیں جاسکتا۔ راجا محمد جواد نے کہا کہ خاتم الانبیاﷺ کی ناموس کی حفاظت کے لیے عاشقان مصطفیﷺ اپنی جانیں نچھاور کرنے کو اپنے لیے سعادت سمجھتے ہیں۔ ختم نبوت اور ناموس رسالت کی حفاظت کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ملک میں آپﷺ کی شریعت کا نفاذ ہو۔