قوم آسائشوں کو چھوڑ کر نظام مصطفیﷺ کے قیام کے لیے جدوجہد کرے

50

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی راجا محمد جواد نے کہا ہے کہ محمد عربیﷺ کی شان آسمان کی بلندیوں پر اللہ بلند کرتا ہے، نبی مہربانﷺ، خلفائے راشد ین اور صحابہ کرامؓ کے بعد دنیا پر اسلام کوغالب کرنے کی ذمے داری امت محمدیہﷺ کے سپرد ہے۔ پاکستانی قوم آسائشوں کو چھوڑ کر پاکستان میں نظام مصطفیﷺ کے قیام کے لیے جدوجہد کرے، ہماری زندگیوں میں سارا حسن پیغمبر اسلامؐ کی وجہ سے ہے۔ آج ہم نے ترقی کرنی ہے تو سیرت رسولﷺ کی پیروی کرنا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ خالد کالونی میں عظیم الشان ختم نبوتﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رہنما جماعت اسلامی پی پی 13 و چیئرمین یونین کونسل رحمت آباد محمد تاج عباسی سمیت دیگر قائدین اور علما کرام نے بھی خطاب کیا۔ راجا محمد جواد نے کہا کہ صحابہ کرامؓ کی قبریں چین، یورپ سمیت دنیا بھر میں موجود ہیں، وہ اپنی دنیا بنانے کے لیے نہیں بلکہ اللہ و رسولﷺ کے دین کی دعوت کو پھیلانے کے لیے عرب سے اپنا گھر بار چھوڑ کر دنیا کے مختلف گوشوں میں ہجرت کرکے گئے تھے۔ حضورﷺ نے ہمیں ایک نظام دیا ہے، اس کی موجودگی میں لینن، ہٹلر اور دوسرے کسی ازم کی طرف دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ پاکستان کا سارا نظام معیشت سود پر چل رہا ہے، سودی نظام کی موجودگی میں ملکی معیشت ترقی کرسکتی ہے، نہ ٹھیک ہوسکتی ہے، کیونکہ قرآن میں سود کو اللہ اور رسولؐ کیخلاف جنگ قرار دیا گیا اور یہ جنگ اللہ اور رسولؐ سے نہیں جیتی جاسکتی۔ پاکستان مدینہ منورہ کے بعد واحد ریاست ہے جو نظریہ کی بنیاد پر بنی۔ اسے عملی اقدامات سے مدینہ جیسی اسلامی ریاست بنانا ہوگا۔
بلوچستان کے ضلع بولان میں کوئلے کی کان میں گیس بھرنے سے دو مزدور بے ہوش
کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے ضلع بولان میں کوئلے کی کان میں گیس بھرنے سے دو مزدور بے ہوش ہوگئے۔ لیویز کے مطابق واقعہ بولان کی تحصیل مچھ کے لیز ایریا میں پیش آیا، جہاں نجی کمپنی کی کوئلے کی کان میں کام کے دوران اچانک زہریلی گیس بھر گئی، جس کی وجہ سے دو مزدوروں حبیب اللہ اور سمیع بے ہوش ہوگئے۔ دونوں کانکنوں کو باقی مزدوروں نے اپنی مدد آپ کے تحت کان سے نکال کر اسپتال منتقل کیا۔ اسپتال میں دونوں مزدوروں کو طبی امداد دی جارہی ہے، واقعہ کی تحقیقات متعلقہ انتظامیہ کررہی ہے۔