نبی کریمﷺ نے اپنے اخلاق حسنہ سے اسلام کی دعوت کو پھیلایا

42

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ حضور نبی کریمﷺ نے اپنے اخلاق حسنہ اور سیرت و کردار سے اسلام کی دعوت کو پھیلایا۔ جماعت اسلامی اسلام کے عادلانہ اور منصفانہ نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ اسلام کے نام پر حاصل کیے گئے ملک کو اسلامی اور خوشحال پاکستان بنائیں گے۔ جماعت اسلامی نے ملک و قوم کو صاف ستھری اور دیانتدار قیادت فراہم کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی کے زیر اہتمام جامع مسجد محمدیہ نیو کٹاریاں میں منعقدہ ایک روزہ خصوصی تربیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تربیتی پروگرام سے جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن شمس الرحمن سواتی، جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پنجاب شمالی اقبال احمد خان، ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد عثمان آکاش، امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی، ضلعی جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد اور امیر جماعت اسلامی پی پی 16 سید ارشد فاروق نے بھی اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کا لائحہ عمل کے عنوان سے ایک مذاکرہ ہوا، جس کی صدارت صوبائی جنرل سیکرٹری اقبال احمد خان نے کی جبکہ مذاکرے میں اسسٹنٹ پروفیسر شفا انٹرنیشنل یونیورسٹی حافظ صہیب ظفر، نائب امیرضلع چودھری سرفراز احمد، ضلعی سیاسی کمیٹی کے صدر ہارون رشید اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری ضلع راولپنڈی طارق رضا نے بھی حصہ لیا۔