کے ڈبلیو جی اے کے انتخابات،ملک ذوالفقار علی چیئرمین منتخب ، بزنس مین پینل کے تمام امیدوار بلامقابلہ کامیاب
کراچی ہول سیل گروسرز( کے ڈبلیو جی اے) کے جنرل باڈی اجلاس میں تاجررہنما انیس مجیداور حاجی عبدالغفار کی طویل خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئیدونوں رہنماؤں کوایسوسی ایشن کاسرپرست اعلیٰ بنانے کی متفقہ منظوری د ی گئی ہے جبکہ کے ڈبلیو جی اے کے انتخابات برائے 2018-19اور2019-20کیلئے بزنس مین پینل کے ملک ذوالفقار علی چیئرمین، راجہ آسر مل منگلانی سینئروائس چیئرمین، عبدالرحمن آکبانی وائس چیئرمین، زاہد علی بخاری جنرل سیکریٹری، آصف شیخ جوائنٹ سیکریٹری اور حاجی حنیف باوانی فنانس سیکریٹری منتخب ہو گئے اسی طرح منیجنگ کمیٹی کے اراکین کے لیے عارف محمد یوسف، محمد الطاف ،عبدالرحمن قریشی، محمد عامر ندیم،محمد فاروق کاس،فرید احمد،محمد زبیر اشرفی،عبدالقادر اور محمد بشیر غفار بلامقابلہ کامیاب قرار پائے۔
جنرل باڈی اجلاس میں نومنتخب عہدیداران اور اراکین منیجنگ کمیٹی سے ان کے عہدوں کا حلف لیا گیا۔ ایسوسی ایشن کے سرپرستِ اعلیٰ انیس مجید اور نومنتخب چیئرمین ملک ذوالفقار علی نے ممبران کو درپیش مسائل کے حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ جنرل سیکریٹری زاہد علی بخاری نے ایسوسی ایشن کے اغراض و مقاصد اور کارکردگی بیان کی۔