کراچی:گیس کی فراہمی پر سوئی سدرن حکام اور سی این جی اسٹیشنز مالکان کے مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں جبکہ گیس فراہمی کے حوالے سے واضح جواب نہ دینے پر سی این جی اسٹیشنز مالکان نے جمعہ سے ایس ایس جی سی دفتر کے باہر دھرنے اور احتجاجی کیمپ لگانے کی دھمکی دیدی ہے ۔تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن حکام کی جانب سے بعض فیلڈز میں فنی خرابی کے باعث گیس فراہمی میں کمی کو جوا بناتے ہوئے سندھ بھر کے سی این جی اسٹیشنز اور کیپٹو پاور پلانٹس کو بدھ کے روز بھی گیس فراہمی مکمل طور پر بند رہی
،گزشتہ روز سی این جی ڈیلزر ایسوسی ایشن اور اسٹیشن اوونرز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنماؤں نے عبدالسمیع خان اور ملک خدا بخش کی قیادت میں سوئی سدرن حکام سے مذاکرات کئے اور سی این جی اسٹییشنز کو گیس فراہمی بحال کرنے کا مطالبہ کیا ،تاہم اس موقع پر سوئی سدرن حکام کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ جونہی فیلڈز سے گیس فراہمی میں بہتر ی آئیگی تو سی این جی اسٹیشنز کو گیس بحال کردی جائیگی،تاہم اسٹیشنز مالکان نے سوئی سدرن حکام کے موقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر گیس بحالی کے حوالے سے جمعرات تک کوئی واضح جواب نہیں دیا گیا
تو جمعہ کو ایس ایس جی سی کے دفتر کے باہر بھرپور مظاہرہ کیا جائیگا اور احتجاجی کیمپ لگایا جائیگا ،اسٹیشنز مالکان کا کہنا تھا کہ سی این جی اسٹیشنز کی بندش کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ،شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ بند ہے ،رکشہ اور ٹیکسی مالکان کے ساتھ نجی گاڑی مالکان بھی گیس بندش کے باعث پریشان ہیں اور شہر میں ٹرانسپورٹ کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے ۔