کراچی: وزیر اعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ 15 دسمبر کو تعمیرات و صنعت سے متعلق انٹر نیشنل بلڈنگ مٹیریئل و کنسٹرکشن مشینری ’’14 ویں بلڈ ایشیاء 2018ء ‘‘ نمائش کا افتتاح کرینگے۔ 15 دسمبر سے شروع ہونے والی بلڈ ایشیاء نمائش 20 ممالک سے 250 وفود شرکت کررہے ہیں۔
ایکسپو سینٹر کراچی میں 15 دسمبر سے شروع ہونے والی 14 ویں تین روزہ بین القوامی نمائش “بلڈ ایشیاء” کے چھے ہالز میں مقامی کمپنیوں کے علاوہ 20 ممالک کی 250 سے زائد مصنوعات تعمیراتی صنعت میں رونماء ہونے والی جدت کی عکاسی کریں گی۔ ای کامرس گیٹ وے کے صدر ڈاکٹر خورشید نظام نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت، وفاق اور ٹی ڈیپ کے تعاون سے منعقد کی جانے والی نمائش میں ماضی کے تقابل میں اس سال غیر ملکی وفود کی تعداد میں اضافہ متوقع ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل بلڈنگ مٹیرئیل و کنسٹرکشن مشینری نمائش “بلڈ ایشیاء 2018” میں امریکہ، برطانیہ، ایران، اٹلی، چین، جرمنی، تائیوان، جاپان، تھائی لینڈ، ترکی، عمان اور متحدہ عرب امارات سے تعمیراتی شعبے سے منسلک کمپنیاں شرکت کررہی ہیں۔
سہہ روزہ 14ویں بلڈ ایشیاء نمائش کے دوران پاکستان، چین اقتصادی راہداری اور تعمیراتی صنعت کے کردار پر سیمینار منعقد کیا جارہا ہے جس میں متعلقہ صنعت اور سی پیک پر ماہرین اپنے تجربات اور صنعت کو حائل رکاوٹوں پر روشنی ڈالیں گے۔ ای کامرس گیٹ وے کے تحت منعقد کی جانے والی نمائش میں تعمیراتی مشینری اور مٹیریل،اسٹیل، پی وی سی، ماربل اور فرنیچر سے متعلق تیار کردہ مصنوعات و مشینری شو کیس کی جارہی ہیں۔ ڈاکٹر خورشید نظام کا کہنا ہے کہ بلڈ ایشیاء 2018ء کے انعقاد کا مقصد پیداوار میں اضافہ، لاگت میں کمی اور پاکستان میں تعمیراتی صنعت کو جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرانا ہے۔ نمائش میں چین سمیت دیگر ممالک کے سفارتکاروں سمیت، پاکستان اسٹون ڈویلپمنٹ کمپنی، کنسٹرکٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان، آل پاکستان ماربل انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے عہدیدار بھی شریک ہونگے۔ 14ویں تین روزہ ” بلڈ ایشیاء 2018 ” میں رواں سال پاکستان بھر سے 50 ہزار شرکاء کی شرکت متوقع ہے۔