موسیٰ خیل اور خضدار میں ٹریفک حادثات، دو افراد جاں بحق

68

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) موسیٰ خیل اور خضدار میں ٹریفک حادثے میں دو افراد جاں بحق اور سات زخمی ہوگئے۔ موسیٰ خیل کے علاقے کنگری کے قریب لورالائی ڈیرہ غازی خان قومی شاہراہ پر دو گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں کوئٹہ کا رہائشی ایک شخص جاں بحق جبکہ سات افراد زخمی ہوگئے۔ لاش اور زخمیوں کو بنیادی مرکز صحت کنگری پہنچایا گیا۔ ادھر خضدار کے علاقے وہیر میں قومی شاہراہ پر بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار محمد رئیسانی جاں بحق ہوگیا۔دریں اثناء گوادرکے علاقے اورماڑہ کے قریب ٹریفک حادثے میں زخمی پاک فوج کا جوان کراچی میں دم توڑ گیا۔ ہفتہ کو اورماڑہ کے علاقے بوازی ٹاپ کے قریب ٹائر برسٹ ہونے کے باعث پک اپ گاڑی الٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں سپاہی حنیف اللہ زخمی ہوئے۔ انہیں علاج کے لیے سی ایم ایچ ملیر کراچی منتقل کیاگیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔میت ضابطے کی کارروائی کے بعد آبائی علاقے ڈیرہ اسماعیل خان روانہ کردی گئی۔