صدرٹرمپ کے فیصلے کیخلاف شام میں امریکی ایلچی مستعفی

66

واشنگٹن(صباح نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے شام سے اپنے فوجیوں کے انخلا کے اچانک فیصلے کے خلاف احتجاج کے طور پر داعش مخالف اتحاد میں امریکی ایلچی بریٹ مکگرک بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ۔ مکگرک سے قبل امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی ایلچی نے صرف گیارہ روز قبل یہ کہا تھاکہ یہ سوچنا بالکل احمقانہ ہوگا کہ داعش شکست سے دوچار ہو گئے ۔اس لیے امریکی فوجیوں کو شام سے وطن واپس بلایا جانا بھی غیر دانشمندانہ فیصلہ ہوگا۔انھوں نے مئی کے وسط میں اپنا عہدہ چھوڑنے کے لیے اپنے منصوبے کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔انھوں نے وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو اپنا استعفا پیش کردیا تھا لیکن اس سے متعلق ایک امریکی عہدہ دار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ۔صدرڈونلڈ ٹرمپ نے اچانک ایک ٹویٹر کے ذریعے جنگ زدہ شام سے قریبا دو ہزار امریکی فوجیوں کو واپس بلانے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ داعش کو شام میں شکست ہوچکی ہے ۔بہت سے امریکی عہدے داروں کے علاوہ برطانیہ اور فرانس نے بھی ان کے اس فیصلے سے اختلاف کیا ہے۔ا نہوں نے کہا کہ داعش شکست خوردہ ہونے کے باوجود اب بھی خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔