علیمہ نے عمران سے مل کر چندے کی رقم خوربرد کی پیپلزپارٹی 

145

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی نے واضح کیا ہے کہ تاریخ 2018ء کے انتخابات کو تاریکی انتخابات قرار دے گی کیونکہ ایک چندہ چور کی خاطر انتخابی نتائج چوری کیے گئے، عمران خان کی سیاست سازش سے شروع ہوتی ہے اور سازش پر ختم، سازشی اور لیڈر میں فرق ہوتا ہے ،سازشی کبھی لیڈر نہیں بن سکتا۔ ان خیالات کا اظہار اتوارکو پارٹی رہنما سعید غنی اورپارٹی کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے اپنے الگ الگ بیانات میں کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ علیمہ خان کے خلاف تحقیقات ہوئی تو عمران خان پکڑا جائے گا۔ اس لیے علیمہ خان سے منی ٹریل نہیں پوچھی جاتی۔ سعید غنی نے کہا کہ شوکت خانم ٹرسٹ کے فنڈز کی فرانزک تحقیقات کرائی جائیں۔ یہ اس لیے بھی ضروری ہے کہ ٹرسٹ کی ایک ڈائریکٹر نے بیرون ملک جائداد بنائی ہے۔ علیمہ خان نے اپنے بھائی سے مل کر چندے میں خرد برد کی۔ بنی گالہ میں زمین چندہ چوری کرکے جبکہ کے پی کے عوام کا پیسا چوری کرکے بنی گالہ میں محل تعمیر کیا گیا ہے۔ عمران خان کے زیر نگرانی فلاحی اداروں کی فرانزک تحقیقات میں چوری کے بڑے بڑے راز فاش ہوں گے۔ جبکہ پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے عمران خان کے لاہور کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست سازش سے شروع ہوتی ہے اور سازش پر ختم۔ 90ء کی دہائی میں جنرل حمید گل سے مل کر بینظیر بھٹو شہید کی حکومت کے خلاف سازشیں کرتے رہے جس کا بھانڈاعبدالستار ایدھی نے پھوڑ دیا تھا۔ نفیسہ شاہ نے کہا کہ ہمیں سب کا احتساب قبول ہے لیکن انتقام کی مزاحمت کریں گے، عمران خان کو چاہیے کہ اپنی ہمشیرہ علیمہ خان، علیم خان اور ترین کو بھی احتساب کے لیے پیش کریں۔