انتقامی کارروائیاں عمران نیازی کے گلے کا پھندا بنیں گی،حمزہ شہباز

164

لاہور (صباح نیوز) اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ انتقامی کارروائیاں عمران خان کے گلے کا پھندا بنیں گی‘ احتساب کے پیچھے انتقام کی بو آتی ہے‘ عمران خان اپنے دائیں بائیں دیکھیں کرپشن کرنے والے نظر آئیں گے‘ عمران خان کو سیاسی انتقام بہت مہنگا پڑے گا‘ عمران خان آپ مسٹر کلین نہیں‘ بنی گالا کی تجاوزات پر قوم سے معافی مانگیں ‘ اگر ہمت ہے تو قوم کو حقائق بھی بتائیں۔ نیب لاہور میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ انتقامی کارروائیاں عمران خان کے گلے کا پھندا بنیں گی‘ ایسا نیا پاکستان عوام نے مسترد کردیا ہے‘ جعلی احتساب کا دور زیادہ دیر تک چلنے والا نہیں اور ہم ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مشرف کے10سال بھی بھگتے ہیں‘ ہمیں کھوکھلے نعروں سے نہیں ڈرایا جاسکتا‘ کاشتکاروں سے عمران خان نے سبسڈی بھی چھین لی ہے‘ عمران خان ہوش کے ناخن لیں‘ معاشی حالات بہت خطرناک ہیں‘ ہمارے زرمبادلہ ذخائر چند ہفتوں کے ہیں‘عمران خان ایک ایک ارب ڈالر کے لیے در در ٹھوکریں کھا رہے ہیں اور ہم نے بھیک نہیں مانگی‘ سی پیک کی 50 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہماری حکومت کے5 سال میں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کے بی آر ٹی منصوبے کی بھی انکوائری ہونی چاہیے‘ عمران خان قوم کے سامنے اپنی بہن علیمہ خان کے اثاثے اور ذرائع لے کر آئیں‘ آپ نے بے دردی سے غریبوں کی جھونپڑیاں گرادیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف پر آج تک کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی لیکن آپ کی وفاقی و صوبائی کابینہ میں نیب زدہ لوگ شامل ہیں، ان سب کی انکوائری ہونی چاہیے۔