قائد کے اسلامی پاکستان کاقیام ہی تبدیلی کااعلان تھا،اقبال خان 

33

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی صوبہ پنجا ب اقبال خان نے کہاہے کہ قائداعظم کے اسلامی پاکستان کاقیام ہی تبدیلی کااعلان تھا اگراس اعلان پراس کی روح کے مطابق عمل ہوتا توآج تبدیلی کے سراب کی ضرورت پڑتی نہ ہی ہم پوری دنیا میں رسوا ہوتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کینٹ کے نجی تعلیمی ادارے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر الخدمت فاؤنڈیشن پنجاب رضوان احمد و دیگر نے بھی خطاب کیا، جبکہ جماعت اسلامی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام لحق اعوان، مقامی رہنما ساجد محمود ملک سمیت دیگر سیاسی وسماجی شخصیات، طلبہ و اساتذہ او روالدین کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر شریک تھی۔ اقبال خان نے کہاکہ برصغیرکے مسلمانوں نے قربانیاں اسلامی نظریاتی ریاست کے لیے دیں،کسی فردنہیں اپنے رب سے وعدہ کیا تھا کہ اللہ توہمیں ایک خطہ زمین عطاکرجس میں تیرے دین اسلام کوغالب کریں گے۔ لیکن 24سال تک کچھ بھی نہ بدلا وہی لارڈمیکالے کا تعلیمی نظام تھا،لسانی اورفرقہ ورانہ تقسیم ، مظلوم کااستحصال اورظالم کی بالادستی آزادی کے باوجود برقراررہی توپھراللہ کاعطاکردہ یہ ملک 71ء میں سانحہ سقوط ڈھاکا کی صورت دو ٹکڑے ہوگیا، یہ اتنی بڑی شرمندگی کی بات تھی جس داغ کوآج تک ہم دھونہیں سکے، لیکن اس کے باوجودیہاں کی مقتدرقوتوں نے سبق نہیں سیکھااورظلم واستحصال ،لاقانونیت اور اسلام مخالف اقدامات آج بھی جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج اگر قوم عہدکرلے کہ وہ پاکستان کو مدینہ منورہ جیسی نظریاتی اسلامی ریاست بنائے گی توپوری دنیا میں ہماری عز ت بحال ہوسکتی ہے اوریہ نظریاتی ریاست امت مسلمہ کی قیادت بھی کرے گی۔رضوان احمدنے کہاکہ آج پاکستان اس وجہ سے دنیاکے ترقی یافتہ ممالک سے پیچھے ہے کیونکہ 70برس سے زائد عرصے کے دوران آنے والی حکومتوں نے تعلیمی نظام کومضبوط نہیں کیا ،تعلیمی ادارے طلبہ کومحض تعلیم ہی نہ دیں بلکہ ان میں ہم نصابی سرگرمیوں کے ذریعے وہ اعتماد پیداکریں جوان کی عملی زندگی میں ان کا معاون ومدگاربنے تاکہ وہ پاکستان واسلام کی ترقی وخوشحالی کے لیے اپنا کرداراداکریں۔
ٹنڈو آدم، چنگ چی رکشہ الٹنے کے نتیجے میں 8 سالہ بچی جاں بحق، 7 افراد زخمی
ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) ٹنڈو آدم کے قریب چنگ چی رکشہ بریک فیل ہونے کے باعث الٹ گیا، 8 سالہ بچی جاں بحق، پانچ خواتین سمیت سات افراد زخمی۔ احمد برڑو اور حسن جمیل کے قریب چنگ چی رکشہ بریک فیل ہونے کے سبب ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہونے کے باعث الٹ گیا جس کے نتیجے میں باگڑی خاندان کی 8 سالہ معصوم بچی دیوی بھارتی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی جبکہ پانچ خواتین سمیت 7افراد زخمی ہوگئے۔
حالات جیسے بھی ہوں ہم میاں نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں، سکینہ شاہین
لاہو ر(جسارت نیوز) مسلم لیگ ن کی سابقہ ایم پی اے وسینئر رہنماسکینہ شاہین خان کی رہائش گاہ پر میاں نواز شریف کی سالگرہ کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر ن لیگی کارکنان کی ایک بڑی تعداد موجود تھی، میاں نواز شریف کی جھوٹے مقدمات سے جلد رہائی، صحتیابی، کامیابی اور لمبی عمر کی دعا بھی کی گئی، حالات جیسے بھی ہوں ہم میاں نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے اس موقع پر کارکنان سے خطاب کے موقع پر کیا، سکینہ شاہین خان نے کہا کہ میاں نواز شریف کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے اور ہمارے قائد کو سزا کا فیصلہ تاریخ میں سیاہ فیصلے کے نام سے یاد کیا جائے گا۔
نوابشاہ، میڑک کے ذہین طلبہ کے لیے ماہوار دس ہزار روپے وظیفہ دینے کا اعلان
نوابشاہ (نمائندہ جسارت) حکومت پاکستان کی جانب سے ذہین محنتی میڑک کے طلبہ کے لیے ماہوار دس ہزار روپے وظیفہ دینے کا اعلان کردیا گیا۔ حکومت پاکستان یہ وظیفہ پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کے ذریعے جاری کرے گا۔ حکومت پاکستان نے اس سلسلے میں ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ دلچسپی رکھنے والے طلبہ این ٹی ایس ٹیسٹ جو کہ آن لائن معروضی سوالات پر مبنی ہوگا، میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو دیا جائے گا جبکہ وظیفہ فارم کو این ٹی ایس کی آفیشل ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے جسکے ساتھ ضروری کاغذات بھی منسلک کرنا ہوں گے۔