کوئٹہ، سول اسپتال سے چار ہیڈ نرسز ملازمتوں سے برطرف 

72

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) سول سنڈیمن اسپتال سے چار ہیڈ نرسز کو ملازمتوں سے برطرف کردیا گیا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول اسپتال کوئٹہ ڈاکٹر محمد سلیم ابڑو کے مطابق نرسز کو مسلسل غیر حاضری پر ملازمتوں سے برطرف کیا گیا۔ چاروں نرسیں ابتدائی تعیناتی میں حاضری رپورٹ کے بعد بغیر کسی وجہ کے اپنی ڈیوٹی سے مسلسل غیر حاضر تھیں اور ان کی بابت محکمے کو کوئی علم نہیں کہ وہ کہاں ہیں اور کیوں اپنے فرائض کی ادائیگی سے گریزاں ہیں۔ایم ایس سول اسپتال نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت پر بلوچستان کے عوام کو سرکاری سطح پر بہتر علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کے لیے محکمہ صحت بلوچستان ایمرجنسی نافذ ہے اور سول اسپتال کوئٹہ سمیت محکمہ میں ہر سطح پر اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے۔ فرائض سے غفلت اور غیر حاضری قطعی برداشت نہیں کی جائے گی۔