اسلام آباد میں سب اندھے گونگے بہرے ہیں کسی سے ڈریں گے نہ سر جھکائیں گے،زرداری

167

گھوٹکی(مانیٹر نگ ڈ یسک +خبر ایجنسیاں)پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین و سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں سب بہرے،گونگے اور اندھے لوگ بیٹھے ہیں، ہم نہ کسی سے ڈرنے والے اور نہ ہی جھکنے والے ہیں،کسی چیز سے گھبرانے کی بات نہیں،کارکنان پریشان نہ ہوں۔گھوٹکی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ جیالے کسی سے ڈرنے والے نہیں،ہم نے صوبوں کو18 ویں ترمیم میں ان کا حق دے کر مولانا ابوالکلام آزاد کی کتاب بند کر دی، گھوٹکی والوں کا حق ان کو نہیں ملتا،اگر بات نکلے گی تو بہت دور تک جائے گی۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ اردو میں اس لیے بات کررہاہوں کیونکہ اسلام آباد میں سب اندھے، گونگے اور بہرے لوگ رہتے ہیں، پیپلز پارٹی کی فلاسفی یہ ہے کہ پہلا حق غریبوں کا ہے،پاکستان مضبوط جب ہوگا جب عوام مضبوط اور خوش ہوں گے، ہم نے توالیکشن جیت کر بھی اپوزیشن میں رہ کر دکھایا ہے۔آصف زرداری نے کہا کہ کسی چیز سے گھبرانے کی کوئی بات نہیں،جس قوم نے اپنے حقوق سمجھ لیے ہوں اس قوم کو کوئی جھکا نہیں سکتا، ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں اور نہ ہی ہمیں اور ہماری قیادت کو کوئی ڈرایاجھکا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کوئلے کی کانیں غریبوں کی ملکیت بنا دیں،عوام خوشحال ہوتے ہیں تو چین کی نیند سوتے ہیں،جیالوں کو کوئی گرا اور جھکا نہیں سکتا، کارکنان پریشان نہ ہوں۔