سندھ میں حکومت بنانے والے ہیں،عوام تیاری کرلیں،تحریک انصاف

173

کراچی(اسٹاف ر پورٹر)پاکستان تحریک انصاف سندھ نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا نام منی لانڈرنگ رپورٹ اورای سی ایل میں ڈالے جانے پرمستعفی ہونے اور ای سی ایل میں نام آ نے والوں کے بینک اکاؤنٹس سیل کرنے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آ ئی صوبے میں حکومت بنانے والی ہے، عوام تیاری کر لیں،22 پی پی ار کان ہمارے رابطے میں ہیں ۔مراد علی شاہ مستعفی نہ ہوئے تو وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے، اب علی بابا چالیس چور نہیں بلکہ172چور ہیں،ان لوگوں کو بے نظیر کے صدقے یہ حکومت ملی،ایک زرداری سب پر نہیں سندھ پر بھاری ہے۔سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد پارلیمانی لیڈرحلیم عادل شیخ اوررکن سندھ اسمبلی و تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر خرم شیرزمان و دیگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبے میں حکومت بنانے کا عندیہ دیا اور کہا کہ پی ٹی آئی سندھ میں حکومت بنانے جا رہی ہے، عوام تیاری کریں، پیپلز پارٹی کی حکومت ہم گرائیں گے، اس کے لیے جو طریقہ اختیار کرسکے کریں گے،ہم اکیلے نہیں سب جماعتیں ساتھ ہوں گی،سید مراد علی شاہ کے مستعفی نہ ہونے کی صورت میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ بھی کر یں گے۔ حلیم عادل شیخ اور خرم شیر ز مان نے دعویٰ کیا کہ کئی پی پی ارکان اسمبلی پی ٹی آئی سے رابطے میں ہے۔ انہوں نے فریال تالپور کی زمین کے معاملے پر عدالت جانے کا اعلان بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ وائٹ کالر چور وزیراعلیٰ کے استعفے کامطالبہ صرف ای سی ایل میں نام آنے پر نہیں کیا، مراد علی شاہ بہت سارے معاملے کے پیچھے ہیں، ان کا نام جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں بھی ہے، مراد علی شاہ نے بطور وزیر اعلیٰ سہولت کاری کی ہے،ہر محکمے میں اربوں نہیں کھربوں روپے کی کرپشن ہوئی ہے، ہم 5 سال تک انتظار نہیں کرسکتے، ہر فورم پر ان کے خلاف آوازاٹھائیں گے۔انہوں نے کہاکہ جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد سندھ حکومت کے پاس اقتدارمیں رہنے کا کوئی جواز نہیں، سندھ حکومت خاموش رہی ان کا کام صرف کرپشن تھا، ثابت ہو چکا ہے ان کے دور میں یہ سب ہوا ہے، تحریک انصاف نے ایک سال پہلے ان کی کرپشن کے خلاف تحریک التوا جمع کرائی تھی۔