اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 41 فیصد تک اضافہ قابل مذمت ہے ،عمران رشید

78

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی117کے امیرزون عمران رشید،جنرل سیکرٹری رانامحمداقرار،نائب امیر میاں محمدارشدجاوید، اسرار احمدسعدی،محمدسلیم انصاری ،اکبرحیات باجوہ، چودھری عبدالغفور،محمدعثمان فاروق،مختارعلی، ریاض احمد سعدی،صدر جے آئی یوتھ محمدنعیم اور دیگرنے کہا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 41 فیصد تک اضافہ انتہائی قابل مذمت ہے منی بجٹ میں 155ارب روپے کے نئے ٹیکس لگانے کی خبروں نے عوام کو ذہنی اذیت میں مبتلا کردیا ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکمرانوں کے پاس عوام کی فلاح و بہبود کے حوالے سے کوئی ٹھوس حکمت عملی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسیوں سے عوام کے مسائل کم ہونے کے بجائے بڑھ رہے ہیں۔ پہلے ہی لوگ مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں،ایسے میں نئے ٹیکس لگانے سے عوام کی زندگی مزید اجیرن ہوجائے گی۔ جب تک عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے موجودہ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹھوس اقدامات نہیں کرتی ملک میں نہ تو مہنگائی کا جن قابو میں آسکتا ہے اور نہ ہی ہم ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی کارکردگی کودیکھ کر عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے۔ تبدیلی کے نام پر عوام کو گمراہ کیا گیا ہے۔