اٹلس ہنڈا نے سی بی125 موٹر سائیکل نیا ماڈل متعارف کرادیا

1048

کراچی: اٹلس ہنڈا لمیٹڈ نے سی بی125 نئے ماڈل کی موٹر سائیکل  متعارف کرادی ہے جو سی بی سیریز میں تیسری موٹر سائیکل ہے جبکہ اس سے قبل ہنڈا CB150F اور ہنڈا CB250F پیش کی گئی تھیں۔ ملک بھر میں موٹر سائیکل پسند کرنے والے شائقین کی توقعات کو دیکھتے ہوئے یہ نیا ماڈل تیار کیا گیا ہے جو خصوصی طور پر ڈیلرشپ ایوارڈ تقریب میں نمایاں کیا گیا، تقریب میں بہترین کارکردگی دکھانے والے ڈیلر شپ مالکان کو ایوارڈز دیئے گئے۔
نئی موٹر سائیکل شہری علاقوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ تفریح پسند کرنے والوں کے لیے بھی بہترین سواری ہے، یہ خصوصیات میں یورو II کے مطابق، سیلف اسٹارٹ فور اسٹروک ایئر کول 125 CC انجن، فرنٹ ڈسک بریک، فائیو اسپیڈ ٹرانسمیشن، جدید ہیڈلیمپ انٹیگریٹڈ وائزر کے ساتھ، مکمل چین کوور، خاص زیڈ سیکشن اسپوک الائے رِمز، ٹیل پراٹیکشن اور جدید چین گائیڈ سسٹم شامل ہیں جو بہترین سفر کا مزہ فراہم کرتے ہیں۔
نئی موٹر سائیکل CB125F سرخ، نیلے اور سیاہ رنگوں میں دستیاب ہے ، سرخ اور سیاہ اسپیشل ایڈیشن کے علاوہ اداروں کے لیے خصوصی طور پر سفید رنگ میں بھی فراہم کی جائے گی۔ موٹر سائیکل انجینئرنگ ڈیویلپمنٹ بورڈ، وزارت صنعت و پیداوار اور پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی(PSQCA)، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی منظور کردہ ہے۔
اس تقریب میں ہنڈا ڈیلرز نے نئے ماڈل کے بارے میں بہترین توقعات کا اظہار کیا کیونکہ ایک ڈیلر کا کہنا تھا کہ 125CC کی موٹر سائیکل جس میں اسپورٹس بائیک اور سیلف اسٹارٹ ، الائے رمز ہوں، صارفین کی دیرینہ مانگ تھی اور ہم نے کمپنی کو ان خصوصیات کی موٹر سائیکل تیار کرنے کی درخواست کی تھی۔ یہ نئی موٹر سائیکل اس بات کا ثبوت ہے کہ کمپنی صارفین کی طلب اور ضروریات کا خاص خیال رکھتی ہے۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کمپنی ہر سال 13 لاکھ 50 ہزار یونٹس کی پیداواری صلاحیت کی حامل ہے جو کسی اور کمپنی کے پاس نہیں ہے ۔پاما کے اعداد و شمار کے مطابق کمپنی نے 2018ء ؁ میں 11 لاکھ 52 یونٹس تیار کئے جو گزشتہ برس سے 10.07 فیصد زیادہ ہیں اور 2017ء ؁ میں 10 لاکھ 47 ہزار سے زیادہ یونٹس تیار کئے گئے تھے۔ پاکستان میں موٹر سائیکل مارکیٹ 25 لاکھ یونٹس کے قریب ہے اور پاکستان دنیا میں 5 واں سب سے زیادہ موٹر سائیکل تیار کرنے والا ملک ہے۔ زیادہ انجن والی موٹر سائیکلوں کی طلب کے باعث مینوفیکچررز نے موٹر سائیکلوں کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا ہے اور سال 2015ء کے بعد ہر سال 125CC موٹر سائیکل کی مارکیٹ طلب میں 7 فیصد سے 10 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
اٹلس ہنڈا مارکیٹ لیڈر ہے جس نے مارکیٹ کی زیادہ طلب کو دیکھتے ہوئے اپنی موٹر سائیکلوں کو جدید بنانے کے لیے کام کیا ہے اور مختلف اقسام کی 70CC سے لے کر 250CC کی موٹر سائیکلیں صارفین کو فراہم کررہی ہے۔