بلوچستان کو ریگستان بنانے والوں کو باربارنہ آزمایا جائے،ہدایت الرحمن بلوچ

78

کوئٹہ(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمن بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی کے ہر رکن کو مقامی نظام کے استحکام کیلیے جدوجہد کرنی ہوگی ،دین کی دعوت عام کرنے اور اقامت دین کیلیے یونٹوں کے نیٹ ورک مضبوط کرناہوں گے ۔قوم کے پاس متبادل اور مسائل کے حل کا واحد آپشن جماعت اسلامی ہے قوم کو جن سے بہت امیدیں تھیں وہ بھی اب تک کچھ نہ کرسکیں، بلوچستان کو ریگستان بنانے والوں کو باربارآزمایا گیامگربے روزگاری ،اقربا پروری ،بدعنوانی وبدامنی کے سواقوم کو کچھ نہیں ملا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر رکن جماعت کو مقامی نظام کے استحکام کیلیے بھر پور جدوجہد کرنا ہوگی تاکہ تمام محلوں ووارڈزمیں دین اسلام کی دعوت عام کرنے اور اقامت دین کیلیے یونٹوں کے نیٹ ورک کو مضبوط کیا جاسکے۔ عوام کو مفت علاج فراہم کرنا حکومت کا فرض ہے کیونکہ زندگی کا تحفظ ہر چیزسے زیادہ اہم ہے اور ریاست کا اولین فرض زندگی کا تحفظ ہے، بلوچستان بھر میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی تعدادبڑھ رہی ہے، خشک سالی نے معیشت کی تباہی کی رہی سہی کسرپوری کردی ہے، صاف پانی کی فراہمی زندگی اور صحت کیلیے اہم ہے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں دس کروڑ گیلن پانی کی ضرور ت ہے حکومت نے صرف 3کروڑگیلن کا انتظام کیا ہے، صاف پانی کی فراہمی عوام کاحق ہے اس کیلیے صوبائی اسمبلی کابینہ ،کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن اورحکام کی طرف سے کوئی اقدامات نظرنہیں آئے اگر اس کا فوری نوٹس نہیں لیا گیا تویہ معاملہ اگلے سالوں میں ہلاکت خیز صورت اختیار کرلے گا، فوڈکوالٹی کیلیے ضلعی سطح پر حکام کا یقین بھی ہو اوورچیکنگ بھی کریں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت صحت کے حوالے سے مزید میڈیکل کالجوں کا اعلان کریں ضرورت کے مطابق اسپتالوں میں انتظامات نظرنہیں آتے۔ تربت، خضدار اور لورالائی میں ان کالجز کا آغازبروقت کرنے کیلیے ہنگامی بنیادپر اقدامات کرنے کی ضرور ت ہے اس طرح ان ڈویژنز میں علاج کی سہولیات میں اضافہ بھی ہوگا۔