شدید سردی میں گیس وبجلی کی لوڈشیڈنگ سے زندگی مفلوج ہوگئی ہے

38

پشاور(وقائع نگار خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخواوسابق رکن قومی اسمبلی صابرحسین اعوان نے کہا ہے کہ شدید سردی میں شہر بھر میں جاری بجلی و گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے گھریلو اور کاروباری زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت نے انتخابات سے قبل عوام سے کیے گئے وعدوں وفا کرنے کیلیے کوئی عملی اقدامات نہیں اُٹھائے بلکہ ان کے برعکس عوامی مشکلات کئی گنا بڑھا دی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔وفود سے گفتگو کرتے ہوئے صابرحسین اعوان نے مزید کہا کہ پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری، جرائم جیسے مسائل نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے اور اب اس شدید سردی کے موسم میں صبح و سویر ے گیس کی لوڈشیڈنگ سے گھریلو زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے ہیں۔ بچے اسکول و کالج ناشتہ کیے بغیر جانے پر مجبور ہیں۔شہر میں لکڑی اور کوئلے کی فروخت من پسند نرخ پر ہو رہی ہے، شہری دکانداروں کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور ہیں جبکہ شہر بھر میں پرائس کنٹرول کے حوالے سے حکومتی رٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے مزید بحران پیدا کردیے ہیں اگر یہی صورتحال رہی تو عوام سٹرکوں پر نکلنے کے لیے مجبور ہوں گے۔