ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی سے معاشی ترقی کا عمل متاثر ہو گا۔ احمد حسن مغل

164

اسلام آباد : اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے حکومت کی طرف سے ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے کیونکہ حکومت نے موجودہ مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے لئے ترقیاتی منصوبوں کیلئے صرف 225.4ارب روپے کی منظوری دی ہے جو پچھلے سال اس عرصے کے مقابلے میں اطلاعا 38فیصد کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے بجٹ میں کٹوتی معیشت اور نجی شعبے کیلئے اچھی خبر نہیں ہے کیونکہ اس سے صنعتی ترقی متاثر ہو گی، کاروباری سرگرمیاں مندی کا شکار ہوں گی اور معیشت کی ترقی کا عمل متاثر ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ملکی صنعت کی ترقی میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) اہم کردار ادا کرتا ہے کیونکہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے بجٹ میں اضافے سے صنعتی مصنوعات کی مانگ بڑھ جاتی ہے جس سے صنعتی شعبے کو بہتر ترقی ملتی ہے ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ حکومت نے پہلے منی بجٹ میں ترقیاتی کاموں کیلئے بجٹ میں کمی کی تھی اور اب موجودہ مالی سال کے پہلے چھ ماہ کیلئے ترقیاتی بجٹ میں پچھلے سال اس عرصے کے مقابلے میں 38فیصد کمی سے صنعتی شعبے اورمعیشت کی ترقی متاثر ہو گی۔
احمد حسن مغل نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پانچ سال کے دوران ملک میں کم آمدنی والے طبقے کیلئے پچاس لاکھ گھر تعمیر کرنے اور ایک کروڑ نوکریاں پیدا کرنے کا ہدف رکھا ہے تاہم انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے بجٹ میں اگر اسی طرح کٹوتی ہوتی رہی تو گھروں کی تعمیر اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی کوششوں کو بہت دھچکا لگے گا اور حکومت عوام کا معیار زندگی بہتر کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے گی۔ لہذا انہوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ دیگر اخراجات پر قابو پانے کی کوشش کرے اور ترقیاتی کاموں کیلئے بجٹ میں مزید اضافہ کرنے پر غور کرے جس سے صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا اور معیشت تیزی سے بحالی کی طرف گامزن ہو گی۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر رافعت فرید نے کہا کہ بجٹ سٹریٹیجی وفاقی وزارتوں کو مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں سالانہ بجٹ کا 40فیصد خرچ کرنے کی اجازت دیتی ہے اور اس لحاظ سے پہلے چھ ماہ کیلئے حکومت کو ترقیاتی کاموں کیلئے 270ارب روپے کی منظوری دینی چاہیے تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس عرصے کیلئے ترقیاتی بجٹ میں تقریبا 45ارب روپے کی کمی صنعتی و معاشی سرگرمیوں کے فروغ کو متاثر کرے گی۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ تمام غیر ترقیاتی اخراجات کو فوری کم کرے ترقیاتی کاموں کیلئے بجٹ میں اضافہ کرے جس سے معیشت مشکلات سے نکل کر پائیدار ترقی کے راستے پر گامزن ہو گی۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر افتخار انور سیٹھی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد اخراجات پر قابو پانے کیلئے سادگی مہم شروع کی تھی جو قابل ستائش ہے تاہم انہوں نے کہا کہ سادگی مہم کا اثر ترقیاتی منصوبوں پر نہیں پڑنا چاہیے کیونکہ ترقیاتی کاموں کیلئے بجٹ میں کمی سے ملک کو آگے بڑھنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔