ر وپے کی قدر میں کمی سے ملک میں معاشی بحران جنم لے چکا ہے،رانا عدنان خان

37

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر راناعدنان خاں،جنرل سیکرٹری چودھری عمرفاروق گجرنے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ر وپے کی قدر میں کمی سے ملک میں معاشی بحران جنم لے چکا ہے اورغیر ملکی قرضوں کی ادائیگی پر شیڈول کے مطابق عمل در آمد ممکن نہیں رہا۔ مہنگائی اور بے روزگاری میں بے پناہ اضافہ ہوچکا ہے۔ رہی سہی کسر حکمرانوں کے غیر دانشمندانہ اقدامات نے پوری کردی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب تک سودی نظام معیشت جاری رہے گا تب تک پاکستان کے عوام خوشحال اور ملک معاشی ترقی نہیں کرسکتا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ کلمہ طیبہ کے نام پر بننے والے پاکستان میں اسلامی طرز معیشت کو اختیار کیا جائے۔ سودی نظام کو اپنانے والے ممالک آج دیوالیہ ہورہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سابق حکومتی ترجمان ڈاکٹر فرخ سلیم نے بھی انکشاف کیا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی کے نتائج نہیں ملے، مہنگائی دوگنا ہوچکی ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ حکمرانوں کے دعوے محض ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی طرح موجودہ حکمرانوں نے بھی کشکول تھام لیا ہے۔ خودمختاری اور خود انحصاری کا درس دینے والے آج سابقہ حکمرانوں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ موجودہ معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے حکومت کو سنجیدگی سے کام لینا ہوگا۔ محض بیانات اور دکھاوے کے اقدامات سے تبدیلی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔ جن لوگوں نے بہتری کی امیدمیں تحریک انصاف کو ووٹ دیا تھا آج وہ مایوس اور پریشان نظر آتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ حکومت موجودہ معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اور سنجیدہ منصوبہ بندی نہیں کررہی بلکہ ڈنگ ٹپاؤ پالیسی پر عمل کیاجارہا ہے۔ 25 جولائی 2018ء کو تحریک انصاف کی حکومت کے برسراقتدار آنے سے پاکستانی عوام یہ توقع کررہے تھے کہ ملک میں مہنگائی، غربت اور بیروزگاری کاخاتمہ ہوگا۔بجلی،گیس اور پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی ہوگی لیکن چار ماہ گزرنے کے باوجود ایسا نہیں ہوسکابلکہ میں ان اضافہ ہوا ہے۔اب لوگ پہلے سے زیاہ مشکل حالات برداشت کررہے ہیں ۔ راناعدنان نے مزیدکہاکہ جب تک تحریک انصاف کی حکومت عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف دینے کے لیے سنجیدہ عملی اقدامات نہیں کرے گی اس وقت تک حالات نہیں سدھریں گے۔ہم امید کرتے ہیں کہ تحریک انصاف مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کی سابقہ حکومتوں کی غلطیوں کو نہیں دہرائی گی اورعوام کی مشکلات میں اضافے کی بجائے کمی لانے کے لیے بہتر حکمت عملی تیار کرے گی۔
تلہار ،دوموٹرسائیکلوں میں تصادم ،4 افراد زخمی
تلہار(نمائندہ جسارت) تلہار کے قریب مین حیدرآباد روڈ کے میرواہ موری پر دو موٹر سائیکلوں میں آمنے سامنے تصادم ہوگیا جس کے نتیجے میں 4افراد زخمی ہوگئے جن کو ابتدائی امداد کیلیے قریبی اسپتال روانہ کیا گیا زخمیوں میں ٹنڈو غلام علی کے رہائشی جیووکولہی اور رجنا جبکہ فتح خان چانڈیو کے رہائشی آمی اور دھانو شامل ہیں اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے تین افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں حیدرآباد ریفر کیا گیا ہے۔