ایم ڈی واسابیانات دینے کے بجائے عملی اقدامات کریں

37

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی110کے امیر میاں عبدالستاربیگا،جنرل سیکرٹری چودھری نویداسلم،نائب امیرراناوسیم احمد ایڈووکیٹ اور دیگرنے کہاایم ڈی واسابیانات دینے کے بجائے عملی اقدامات کریں شہربھرمیں کھلے مین ہولز واسااوردیگراداروں کی کارکردگی پرسوالیہ نشان ہیں،ایم ڈی واسابتائیں عوام اپنے بیوی بچوں کے لیے روزی کمائیں یا ڈھکن چوروں پرنظررکھیں۔انہوں نے کہاکہ واساگٹروں کے ڈھکن بناتے وقت اگرانہیں مکمل طورپر شفافیت سے ڈائزین کریں اور کرپشن نہ ہونے دیں تو کوئی عام شخص ڈھکن چوری نہیں کرسکتا،ایم ڈی واسا غفلت کے مرتکب واسااہلکاروں کے خلاف حقیقی طورپر کارروائی کریں تو ڈھکن چوری ہونے سے بچ سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ جن گٹروں پر ڈھکن موجودہیں وہ انتہائی خستہ حال اوراونچے نیچے ہونے کے باعث ٹریفک روانی میں خلل اورحادثات کا سبب بن رہے ہیں،آئے روزمیڈیامیں کھلے مین ہولزکی فوٹواورخبریں شائع ہونے کے باوجود انتظامیہ اورمتعلقہ ادارے ٹس سے مس نہیں ہورہے ۔ شہر کے متعدد مقامات پر کھلے مین ہول عوام کے لیے موت کے کنویں بن گئے، جن میں گرنے کے باعث شہری اور خاص طور پر بچوں کے زخمی ہونے کے واقعات معمول بنے ہوئے ہیں شہر کی مختلف آبادیوں اور مین شاہراہوں پر واقع سیوریج کے مین ہولز کے ڈھکن غائب ہیں، شہریوں کی طرف سے شکایات کے باوجود ٹی ایم اے اورواسا انتظامیہ نے مذکورہ مین ہولز پر ڈھکن رکھنے کے بجائے ان میں درختوں کی ٹہنیاں ڈال کر یا اردگرد اینٹیں رکھ کر اپنا فرض پورا کر دیا ہے ، ان کھلے مین ہولز میں رات کے اوقات میں موٹر سائیکل سوار اور پیدل افراد کے گرنے کے نتیجے میں زخمی ہونے کے واقعات معمول بن چکے ہیں، اسی طرح گلیوں میں کھیلتے ہوئے کمسن بچے بھی مین ہولز میں گر کر زخمی ہوتے رہتے ہیں۔جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ اگرضلعی نتظامیہ اورمتعلقہ اداروں نے فوری طور پر کھلے مین ہولز پر ڈھکن نہ لگائے تو راست اقدام پر مجبور ہو جائیں گے۔