پاکستانی قوم کشمیر یوں کے شانہ بشانہ ہے ،میاں اجمل حسین

75

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی 115کے امیرمیاں اجمل حسین بدر ایڈووکیٹ،جنرل سیکرٹری یوسف گل پراچہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت پاکستان کشمیر پر ڈھائے جانے والے بے پناہ مظالم پر اپنا فرض ادا کرنے سے قاصر ہے۔ بھارتی جرنیل کی یہ دھمکی کہ ’’اگر مظلوم ایک پتھر پھینکیں تو 10 گولیاں چلادو‘‘، پاکستان کی بزدلانہ خاموشی ہی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری حریت پسندوں پر آج قیامت ڈھا ئی جارہی ہے مگر ان کے حوصلے بہت بلند ہیں اور وہ ان شاء اللہ بھارت کی غلامی سے ایک دن آزاد ہو کر خطے کی تاریخ بدل دیں گے۔ میاں اجمل حسین بدر نے کہاکہ کشمیر کو قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے پاکستان کی شہ رگ قرار دیاتھا۔ قائد اعظم کے جانشین تو اس سبق کو بھول چکے ہیں مگر آفرین ہے کشمیرکے مجاہد صفت سپوتوں پر جو امید کی شمعیں جلائے ہوئے ظلم کا مردانہ وار مقابلہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم کشمیر یوں کے شانہ بشانہ ہے مگر حکمران ہر دور میں مصلحتوں کا شکار ہو کر بزدلانہ طرز عمل اپنالیتے ہیں۔