کوٹری، معذورین کو مختلف اسامیوں پر بھرتی کیے جانے کا امکان

127

کوٹری (نمائندہ جسارت) حکومت سندھ نے صوبے کے معذورین کوٹے پر مکمل عملدرآمد کرنے اور اسے قابل عمل بنانے کے لیے ضلعی بنیادوں پر معذورین کی فہرست طلب کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر ارسال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ ضلع جامشورو میں اس وقت 65 معذورین پر مشتمل ایک لسٹ صوبائی حکومت کو بھیجی گئی ہے، جس میں ڈس ایبل کوٹے کے تحت معذورین کو مختلف اسامیوں پر بھرتی کیے جانے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے حالیہ ایک اعلامیے کے تحت ڈس ایبل کوٹے میں 20 فیصد اضافہ کرنے کی منظوری دی ہے لیکن تاحال اس پر عملدرآمد نہیں کیا جاسکا ہے، جس کیخلاف معذورین آئے دن سراپا احتجاج ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ بھی معاشرے میں اپنا اہم کردار ادا کررہے ہیں لیکن مسلسل بے روزگاری کے ہاتھوں معاشی مسائل کا شکار ہیں۔ معذورین نے حکومت بالخصوص بلاول زرداری سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر ڈس ایبل کوٹے پر عملدر آمد کرتے ہوئے انہیں روزگار فراہم کیا جائے۔ خواندہ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہنرمند معذورین کو سرکاری محکموں میں ملازمتیں فراہم کی جائیں تاکہ معذورین فاقہ کشی سے بچ سکیں۔