جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام سالانہ آل کراچی چیس اینڈ اسکریبل مقابلے کا انعقاد

214
جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹ کونسل کے زیر اہتمام سالانہ آل کراچی چیس اینڈ اسکریبل مقابلے کی اختتامی تقریب میں طلبہ کا گروپ فوٹو

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹ کونسل کے زیر اہتمام سالانہ آل کراچی چیس اینڈ اسکریبل مقابلہ گرڈ منعقد کیا گیا۔ دو روز جاری رہنے والے چیس اینڈ اسکریبل مقابلوں میں16سال سے کم اور زائد عمر کی کیٹی گیریز رکھی گئی تھیں۔ ان مقابلوں میں دو سو سے زائد طلبہ نے حصہ لیا۔ پہلے روز شطرنج کے مقابلے ہوئے جس میں انڈر 16میں کراچی گرامر اسکول کے طالب علم مومن فیاض نے پہلی جب کہ سولہ برس سے زائد عمر کے مقابلوں میں تابانی کالج کے قاسم مجتبیٰ نے پہلی پوزیشن حاصل کی جب کہ اسکریبل مقابلوں میں انڈر 16 میں بی وی ایس اسکول کے مونس حسین خان جب کہ سولہ برس سے زائد عمر کے مقابلے میں محمد علی جناح یونیورسٹی کے شاہزیب کھتری نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ گرڈ کی اختتامی تقریب جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے لیکچر ہال میں منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن کے صدر طارق علی تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے طارق علی کا کہنا تھا کہ اسکریبل اور شطرنج کا مستقبل پاکستان میں خاصا روشن ہے اس کی واضح مثال گزشتہ برس بین الاقوامی سطح پر ہونے والے چیس کے مقابلوں میں پاکستانی طلبہ کی کام یابی ہے۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید محمد طارق رفیع کا کہنا تھا کہ طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ صحت مند سرگرمیوں کو بھی اپنا معمول بنانا چاہیے اور جے ایس ایم یو ایسی تمام سرگرمیوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ تقریب کے اختتام پر منتظمین میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔